بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدادتجاوزات نے بنارس فلائی اوور کے نیچے قائم کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کرکے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا

جمعرات 26 فروری 2015 20:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدادتجاوزات نے ”گرین اینڈ کلین سٹی مہم“ کے تحت انسداد تجاوزات کے آپریشن کے دوران تجاوزات مافیا کے کارندوں کی مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے بنارس فلائی اوور کے نیچے قائم کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کرکے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا جس کے بعد فلائی اوور کے نچلے حصے میں سبزہ اور شجرکاری کے اقدامات کئے جائیں گے، بنارس فلائی اوور کے نیچے سابقہ بنارس چوک اور اطراف کی گرین بیلٹ پر طویل عرصے سے تجاوزات مافیا کا قبضہ تھا جس کی وجہ سے یہاں کا حسن ماند پڑنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا تھا اور یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور شہریوں کی طرف سے تجاوزات ختم کرنے کے مطالبات کئے جا رہے تھے جبکہ صوبائی وزیربلدیات شرجیل انعام میمن نے بھی شہر میں صفائی ستھرائی اور شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے کراچی کے گنجان ترین علاقے بنارس چوک فلائی اوور کے نیچے اور اطراف کے علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا جس کے دوران مرغی کے پنجروں، پھلوں کے ٹھیلوں، لکڑی کے کیبنز، لوہے کے کیبنز، بڑی تعداد میں پلاسٹک ڈرمز، لوہے کے کاؤنٹرز، بانس کی بنی جھگیاں اور دیگر سامان جن کی تعداد 100 سے زائد ہے کو اٹھا کر کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا گیا۔

(جاری ہے)

بنارس کے علاقے میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ جاوید احمد، ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر سجاد، اسسٹنٹ کمشنر احتشام قریشی اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ تجاوزات کے خلاف اس مہم کے دوران انسداد تجاوزات کے عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جسے پولیس کی بھاری نفری کو استعمال کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔ ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے بنارس کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف مہم کی نگرانی کرتے ہوئے کہا کہ بنارس کے علاوہ نارتھ کراچی، گلشن اقبال اور صدر کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف مہم انجام دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :