کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ،2 غیر ملکیوں سمیت 86 افراد گرفتار

جمعرات 26 فروری 2015 19:28

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء)کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 13مطلوب اشتہاریوں اور 2 غیر ملکیوں سمیت 86 مشتبہ افراد کوگرفتار کر لیا گیا جبکہ شہر کے اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی اور اچانک چیکنگ میں15ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ۔کریک ڈاؤن میں پولیس کو ایلیٹ فورس ، بم ڈسپوزل سکواڈ ، خواتین پولیس اوربارودی مواد کا پتہ لگانے والے سراغ رساں کُتوں کی بھی مدد حاصل رہی ۔

پولیس ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کی طرح کوہا ٹ میں مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے پولیس نے مختلف علاقوں کے محاصر ے اورتلاشی آپریشن میں عدالت کی طرف سے سنگین مقدمات میں اشتہاری قرار دیئے جانے والے مطلوب 13افراد کو گرفتار کر لیاجبکہ غیر قانونی طور پر شہر میں مقیم 2افغان باشندوں سمیت 86مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیکران کے خلاف 14فارن ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ۔

(جاری ہے)

آپریشن میں 14مختلف قسم کے ہتھیار اور سینکڑوں مختلف بور کے کارتوس قبضے میں لیے گئے ۔ آپریشن میں مشتبہ دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے کے 46گھروں اور 30ہوٹلوں کو چیک کیاگیا اور خلاف ورزی پر 3افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔ دریں اثناء شہر کے 40تعلیمی اداروں کی حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اورسیکیورٹی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔