حکومت دہشتگردوں کو پناہ دینے والے مدارس کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہے‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل،

موجودہ حکمرانوں کے طرز عمل کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہو ئی ہے،کسی بھی وقت حکومت کا دھرن تختہ ہو سکتا ہے، نام نہاد جہادیوں نے کافر کم اور مسلمان زیادہ مارے ہیں‘ صاحبزادہ حامد رضا کا پنجاب کی مجلس شوری سے خطاب

جمعرات 26 فروری 2015 19:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران خاندان اختیارات کا گھنٹہ گھر بن چکا ہے،آج کی جمہوریت سرمایہ داروں کی باندی بن چکی ہے،پارلیمنٹ میں سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کا قبضہ ہے،ملک تباہ ہورہا ہے اور حکمرانوں کا خاندانی کاروبار ترقی کررہا ہے،حکمران خاندان کا ہر فرد اقتدار میں شریک ہے،حکومت دو سالوں میں اہم محکموں کے سربراہ بھی مقرر نہیں کرسکی اور ملک مستقل وزیر خارجہ سے بھی محروم ہے،پنجاب حکومت دہشتگردوں کو چھوڑ کر علماء اہلسنّت کے پیچھے پڑگئی ہے،حکومت دہشتگردوں کو پناہ دینے والے مدارس کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہے،نام نہاد جہادیوں نے کافر کم اور مسلمان زیادہ مارے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کی مجلس شوری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شیخوپورہ کے ایم این اے کو گلگت کا گورنر تعینات کرنا نا انصافی ہے۔جمہوریت کو مخصوص خاندان کے چنگل سے آزاد کروانا ہوگا۔غلام جمہوریت کو آزاد کروائے بغیر سیاسی نظام مستحکم نہیں ہو سکتا۔عام آدمی کو بانجھ جمہوریت سے کچھ نہیں ملا۔

2013ء میں دھاندلی کی تحقیقات نہ ہونے سے جمہوریت کمزور ہوئی ہے۔ووٹوں کی چوری روکنے کیلئے انتخابی اصطلاحات کی ضرورت ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہارس ٹریڈنگ نے جمہوریت کو ضمیر فروشی کی علامت بنا دیا ہے۔دہشتگروں کیلئے جواز تلاش کرنے والے قومی مجرم ہیں۔بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے والے دہشتگرد اسلام کے مجاہد نہیں اسلام کے باغی ہیں۔

سول گورننس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اس لئے سول ملٹری گورننس نا گزیر ہے۔سیاسی پارٹیاں سرمایہ داروں کے شکنجے میں ہیں۔کارکن صرف نعرے لگانے کیلئے رہ گئے ہیں۔ملک کو مڈل کلاس قیاد ت کی ضرورت ہے۔موجودہ حکمرانوں کے طرز عمل کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہو ئی ہے۔نا اہل حکمرانوں کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے اور کسی بھی وقت حکومت کا دھرن تختہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :