حکومت زہریلے کیمیکلز ملی گھٹیا معیار کی ایل پی جی کی درآمد کی روک تھام کرے ‘ ایل پی جی ایسوسی ایشن

جمعرات 26 فروری 2015 16:53

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زہریلے کیمیکلز ملی گھٹیا معیار کی ایل پی جی کی درآمد کی روک تھام کرے وگرنہ کوئی خوفناک سانحہ جنم لے سکتا ہے ۔ ایک بیان میں ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین فاروق افتخار نے کہا کہ کچھ مفاد پرست امپورٹرز گھٹیا معیار کی ایل پی جی سستے داموں بیچ کر لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں کیونکہ اس ایل پی جی میں تیزی سے آگ پکڑنے والے زہریلے کیمیکلز کی ملاوٹ کی گئی ہے جبکہ اس سے قومی خزانے کو بھی بھاری نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کے مقامی پروڈیوسرز کی پیداواری لاگت بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے درآمد شدہ گھٹیا معیار کی ایل پی جی سستے داموں فروخت ہورہی ہے لہذا حکومت کو مقامی پروڈیوسرز کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کے لیے بھی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

فاروق افتخار نے کہا کہ سمندر کے ذریعے امپورٹ کی جانے والی ایل پی جی کی لاگت 67ہزار روپے فی میٹرک ٹن جبکہ مقامی ایل پی جی کی قیمت 72ہزار روپے سے 77ہزار روپے فی میٹرک ٹن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے اور مقامی پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے پیداواری لاگت کم کرنی چاہیے بصورت دیگر زہریلے کیمیکلز کی ملاوٹ شدہ ایل پی جی کی وجہ سے انتہائی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :