حکمرانوں کی ” بنا دو ، گرا دو اور اکھاڑ دو “ کی پالیسی سے کروڑوں ‘ اربوں روپے ضائع ہو رہے ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

جمعرات 26 فروری 2015 16:53

لاہور( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ” بنا دو ، گرا دو اور اکھاڑ دو “ کی پالیسی سے کروڑوں ‘ اربوں روپے ضائع ہو رہے ہیں ،جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں نے ملک میں بادشاہت کا نظام قائم کر رکھا ہے اورعام عوام کی بجائے صرف ایک مخصوص طبقے کو نوازا جارہا ہے ۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران غربت ‘ بیروزگاری کے خاتمے اور عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے منصوبوں کی بات تو کرتے ہیں لیکن اصل میں خود ہی رکاوٹ بھی ہیں ، (ن) لیگ کے حکمران بتائیں وہ کئی دہائیوں سے اقتدار میں ہیں لیکن عوام کو آج تک پینے کے صاف پانی کی سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں ۔

(جاری ہے)

انتخابی مہم کے دوران حکومت میں آکر عوام کو ریلیف دینے کے دعوے تو کئے جاتے ہیں لیکن مسند اقتدار پر بیٹھنے کے بعد عوام کو نگلنے کے لئے کڑوی گولیاں دی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانوں کے بادشاہت طرز کے فیصلے سے قومی خزانے کو کروڑوں ‘ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ ایک روز ایک سڑک تعمیر کی جاتی ہے اور دوسرے روز اسے اکھاڑ دیا جاتا ہے ۔ منصوبوں پر کروڑوں خرچ کرنے کے بعد نئے منصوبوں کیلئے انہی منصوبوں کو ہفتوں بعد گرا دیا جاتا ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے معاشی انصاف کا نظام لائے گی اور عوام کو تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات اولین ترجیح ہو گی ۔