حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، لیاقت بلوچ

جمعرات 26 فروری 2015 16:49

چکوال (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، قومی ایکشن پلان کے حوالے سے بھی مذہبی جماعتوں میں شدید تحفظات ہیں لہٰذا22ویں ترمیم سے قبل مذہبی جماعتوں کے تحفظات دور کیے جائیں۔ تاکہ افواج پاکستان یکسوئی کے ساتھ دہشتگردوں کے ساتھ موثر کارروائی کر سکیں۔

(جاری ہے)

وہ قصبہ کرہن میں راجہ محمد نوازمرحوم کی تعزیت کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کراچی راجہ عارف سلطان ایڈوکیٹ سے ان کے چچا راجہ محمد نواز کی وفات پر اظہا ر تعزیت کیاان کے ہمراہ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع چکوال مولانا محمد رفیق اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی ضلع چکوال ملک افتخار احمد بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں پیسے کا استعمال کسی طور پر بھی درست نہیں بلکہ یہ سیاسی دہشتگردی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس ضمن میں متحد ہونا چاہیے۔