الیکشن کمیشن میں ن لیگ کے امیدوار چوہدری تنویر کی نااہلی کے لئے درخواست دائر

جمعرات 26 فروری 2015 16:08

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) الیکشن کمیشن میں ن لیگ کے امیدوار چوہدری تنویر کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی‘ درخواست گزار شیخ ریاض الحق نے الیکشن کمیشن میں درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ چوہدری تنویر ایک نجی کمپنی کے 5 کروڑ کے نادہندہ ہیں‘ حکمران جماعت نے چوہدری تنویر کو سینٹ کے الیکشن کے لئے ٹکٹ دیا ہے الیکشن کمیشن چوہدری تنویر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ شیخ ریاض الحق نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ایسے شخص کو سینیٹ کے الیکشن کے لئے ٹکٹ دیا ہے جو کہ 5 کروڑ کا نادہندہ ہے۔ حکمران جماعت ایسے لوگوں کو آگے آنے سے روکے اور ان کی حوصلہ شکنی کرے۔ درخواست الیکشن کمیشن میں سماعت کے لئے منظور کر لی گئی ہے۔