جڑی بوٹیاں بہاریہ سورج مکھی کی فصل میں فی ایکڑ کمی کا سبب بننے لگیں

جمعرات 26 فروری 2015 16:03

فیصل آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015)جڑی بوٹیاں بہاریہ سورج مکھی کی فصل میں فی ایکڑ کمی کا سبب بننے والی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ ہیں۔ ڈاکٹرمحمد رفیق اگرانومسٹ شعبہ تیلدار اجناس ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے بتایا کہ تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جڑی بوٹیاں سورج مکھی کی پیداوارمیں 20تا45فیصدکمی کا باعث بنتی ہیں۔

فصل اگنے سے چھ ہفتے بعد تک کا عرصہ جڑی بوٹیوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے اس لیے سورج مکھی کی فصل کوپہلے 40تا 45دن تک ان سے صاف رکھا جائے تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اگر جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو یہ روشنی ، خوراک اور پانی کے حصول میں فصل کا مقابلہ کرتی ہیں اور یہ سورج مکھی کے پودوں کی نسبت دو سے تین گنا ان کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جڑی بوٹیاں بہت سے کیڑوں اور بیماریوں کے میزبان پودوں کے طورپر بھی کام کرتی ہیں۔ سورج مکھی کی فصل میں چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں باتھو، کرونڈ ، لیہلی، جنگلی پالک ، چولائی، ددھک، قلفہ ، بکھڑا، چبڑ، اٹ سٹ، سینجی ، مینا، میکواور جنگلی ہالوں زیادہ اہم ہیں جبکہ نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں ڈیلا ، کھبل گھاس ، سوانکی گھاس ، مدھانہ گھاس ، دمبی گھاس اور بانسی گھاس شامل ہیں۔

اگر افرادی قوت موجود ہو توگوڈی جڑی بوٹیوں کی تلفی کا بہترین طریقہ ہے کیونکہ گوڈی سے جڑ ی بوٹیاں تلف کرنے ، زمین کی سطح کو نرم کرنے اور زمین میں ہوا کی آمد ورفت قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔کھیلیوں اور وٹوں پر کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی میں آسانی رہتی ہے اوراس طریقہ کاشت میں فصل سے جڑی بوٹیاں کیمیائی زہروں کے استعمال سے بآسانی تلف کی جاسکتی ہیں ۔

سورج مکھی پٹڑیوں پر کاشت کرنے کی صورت میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے 24سے 48گھنٹے کے اندر ڈوآل گولڈ 8ملی لیٹر یا پینڈی میتھلین 12ملی لیٹر فی لیٹر پانی میں ملا کرسپرے کریں۔ ڈرل یا پلانٹر کے ساتھ کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے ٹریکٹر کے ذریعے گوڈی کرکے ان کو تلف کریں اور آخری گوڈی کے بعد پودوں کے ساتھ مٹی چڑھائیں۔