حکومت کی طرف سے صنعتی مقاصد کیلئے یکم مارچ سے سوئی گیس کی بحالی درست فیصلہ ہے‘ ظہیر بھٹہ

جمعرات 26 فروری 2015 14:09

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ظہیر بھٹہ نے حکومت کی طرف سے صنعتی مقاصد کیلئے یکم مارچ سے گیس کی فراہمی کے اعلان کو درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ ٹاؤن شپ سمت ملک بھر کی انڈسٹریز میں تقریباً4ماہ سے گیس کی عدم فراہمی سے کاروبار تباہ اور صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں،ملک کے اندر 1680کلومیٹر تاپی گیس لائن پراجیکٹ ترجیحی بنیادوں پرجلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ گیس سے چلنے والی صنعتیں کئی ماہ سے مسلسل بند ش سے مزدور طبقہ بے روزگاری اور صنعتکار مالی مشکلات کا شکار ہیں اس لیے پاکستان کو گیس کی ضروریات کو پوری کرنے کیلئے گیس پائپ لائن منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ صنعتی مقاصد کیلئے انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی احسن اقدام ہے ۔ صنعتی ترقی اور حکومتی ریونیو میں اضافہ کیلئے انڈسٹریز کوبجلی گیس بلا تعطل فراہم کی جانی ازحد ضروری ہے صنعتکار حکومت کے مشکور ہیں کہ ان کی مشکلات اور مطالبات کے پیش نظر صنعتوں کو گیس کی سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تو اس کے لیے انڈسٹریز کو ضرورت کے مطابق بجلی ،گیس مسلسل فراہم کی جائے تاکہ انڈ سٹریز اپنی پوری استعداد کے مطابق پیداوار تیار کرکے اندرون ملک اور بیرون میں ارسال کرکے حکومت کے ریونیو میں اضافہ کا باعث بن سکے۔اس طرح حکومت معاشی بحران سے بھی باہر نکل آئے گی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا اور پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔نیز بے روزگاری کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :