نقل جوان نسل کی دیمک کی طرح چھاٹ رہی ہے ،ڈگری لئے ہوئے قابلیت نہ ہونے کی وجہ سے بیروز گار گزر پھر رہے ہیں،نیشنل پارٹی

بدھ 25 فروری 2015 23:28

کوئٹہ ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء )نیشنل پارٹی کی خواتین ونگ کی صدر و رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا ہے کہ نقل نوجوان نسل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے نقل کے ناسور کی وجہ سے نوجوان ہاتھوں میں ڈگری لئے پھرتے ہیں لیکن قابلیت نہ ہونے کے باعث بے روزگاری کی زندگی بسر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نقل کے خاتمہ کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں کے باعث اب بلوچستان کو تعلیمی میدان میں کوئی ہرا نہیں سکے گا اور ہم تعلیم یافتہ بلوچستان کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سبی میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے موقع پر گرلز ریلوے ہائی اسکول ، گرلز ماڈل ہائی اسکول ، غریب آباد بوائز اسکول میں قائم امتحانی سینٹروں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے سینٹرز انچارج و طلباء طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسر سبی امان اللہ نوتیزئی ، اسسٹنٹ محمد سلیم کے علاوہ محکمہ ایجوکیشن کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مس یاسمین لہڑی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے او رہونہار طلباء وطالبات کے حق کو محفوظ بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل کے ناسو ر کی وجہ سے سارا سال محنت کرنے والے ہونہار بچون کو حق مارا جاتا ہے اب ہم ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ مس یاسمین لہڑی نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، ہمیں ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے انہوں نے امتحان دینے والے طلباء طالبات سے کہا کہ وہ اپنی محنت اور لگن سے امتحان دیں اور اپنی محنت کا پھل پائیں نقل کرکے خود پر ظلم نہ کریں صوبائی حکومت بلوچستان کی تعلیمی پسماندگی کو ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے انہوں نے بچوں سے ان کے مسائل بھی دریافت کئے اور امتحان دینے والے طلباء وطالبات سے رول نمبر سلپ بھی لے کر چیک کی اس موقع پر انہوں نے امتحانی سینٹر زکی کاکردگی نقل کی روک تھا م کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ نقل کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں اور جو بھی شخص نقل کی فراہمی میں ملوث پایا جائے اس کے خلاف قانونی اور محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے ۔