وزیراعظم محمد نوازشریف سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے اراکین اسمبلی کی ملاقات،

اراکین اسمبلی کو سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ سے بچنے ،پارٹی امیدواروں کو ووٹ دینے کی تاکید

بدھ 25 فروری 2015 21:30

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف سے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔وزیر اعظم نے اراکین اسمبلی کو سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ سے بچنے اور پارٹی امیدواروں کو ووٹ دینے کی تاکید کی۔ذرائع کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعظم ہاؤس میں ڈیڑھ گھنٹے سے زائد میٹنگ اور بعد ازاں پر تکلف ظہرانے میں مسلم لیگ کے سولہ میں سے پندرہ اراکین نے شرکت کی جبکہ گورنر سردار مہتاب احمد خان، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اقبال ظفر جھگڑا، صوبائی صدر پیر صابر شاہ اور سینٹ کے امیدواروں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) صلاح الدین ترمذی اور جاوید عباسی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی گرتی ہوئی ساکھ پر بھی غور ہوا۔نواز شریف نے اراکین اسمبلی سے سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ سے بچنے اور اپنا ووٹ پارٹی کے امیدواروں کو دینے کی سختی سے تاکید کی۔ نواز شریف نے اراکین اسمبلی کی شکایات کیلئے سینیٹ الیکشن کے فوری بعد پشاور کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے اراکین اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست وفاق کو بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔