Live Updates

ن لیگ کی حکومت ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے،پرویز رشید ،

ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے تمام جماعتوں نے مثبت ردعمل دیا ہے،عمران خان کو پیغام پہنچانے کی ذمہ داری اسحاق ڈارکو دی گئی،عمران خان ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے ساتھ دیں،لاہور میں تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 فروری 2015 21:07

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے،ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے تمام جماعتوں نے مثبت ردعمل دیا ہے،عمران خان کو پیغام پہنچانے کی ذمہ داری اسحاق ڈارکو دی گئی،عمران خان ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے ساتھ دیں۔لاہور میں تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کو ہارس ٹریڈنگ سے پاک کرنے کیلئے ن لیگ کی دوسری کاوش ہے،پہلی کوشش 1997ء میں کی گئی جب فلور کراسنگ پر تبدیلی لگائی گئی،ہاؤس کے اندر پیسے کی بل بوتے پر عدم اعتماد کی تحریکیں پیش کرکے جمہوریت کو نقصان پہنچایا جانا تھا وہ ختم ہوا دوسری کوشش بھی ہم نے شروع کی،اس کا فائدہ سب سے زیادہ تحریک انصاف کو ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی شکایات خیبرپختونخوا سے ہے،تحریک انصاف کا ڈسپلن عمران خان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے،عمران خان ہرس ٹریڈنگ کیلئے ہونے والی ترامیم کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ روکنا جمہوریت کا فائدہ ہے،اگر اس سے عمران خان کو فائدہ ہوتا ہے تو ہمیں کوئی فکر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی،تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں نے ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کیلئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ووٹوں کے طریقہ کار پر جماعتوں کو تحفظات تھے،اسے بھی دور کردیاگیا ہے۔حکومتی ٹیم نے مولانا فضل الرحمن اورخورشید شاہ سے ملاقاتیں کی ہیں،اسحاق ڈار کو عمران خان سے رابطے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار عمران خان سے ملاقات کرکے پارلیمنٹ میں آکر قانون سازی میں ساتھ دینے کا کہیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2015ء میں سینیٹ کے الیکشن ہوں گے،بلدیاتی الیکشن2015ء میں ہوسکتے ہیں،عام انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے۔

2015ء پاکستان کی ترقی کے آغاز کا سال ہے،اس ماہ میگاپراجیکٹ کے افتتاح کی خوشخبری ملے گی،ہر ماہ نئے پراجیکٹ شروع ہوں گے۔عمران خان الزامات تحریر کرکے دے دیں،جوڈیشل کمیشن بن جائے گا،2015ء میں2014ء والا احتجاج نہیں ہوگا۔جمہوری روایات کی پاسداری حمید نظامی کی تحریروں کا آئینہ دار ہے۔جمہوری پاکستان ہی قائد اعظم کا پاکستان ہے،حمیدنظامی نے مشکلات برداشت کیں لیکن آمریت کا مقابلہ کیا،آمریت کے خلاف جدوجہد میں پہلا شہید حمید نظامی ہی تھے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات