بہتر نظم حکمرانی کے لئے ایماندار اور بدعنوانیوں سے پاک انتظامیہ لازمی عنصر ہے،منظور حسین وسان،

بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف مضبوط شواہد کی روشنی میں مقدمات بنائے جائیں تاکہ ملوث ملزمان کو سزائیں ملیں اور سزا یافتہ افراد کے حشر سے دوسرے سبق حاصل کریں اور بدعنوانی کو سختی سے کچلا جاسکے،صوبائی وزیر جیل خانہ جات

بدھ 25 فروری 2015 20:48

کراچی( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء ) سندھ کے وزیر برائے انسداد بدعنوانی ‘ جیل خانہ جات و معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ بہتر نظم حکمرانی کے لئے ایماندار اور بدعنوانیوں سے پاک انتظامیہ لازمی عنصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف مضبوط شواہد کی روشنی میں مقدمات بنائے جائیں تاکہ ملوث ملزمان کو سزائیں ملیں اور سزا یافتہ افراد کے حشر سے دوسرے سبق حاصل کریں اور بدعنوانی کو سختی سے کچلا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے اپنے دفتر میں منعقدہ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے سینئر افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اپنی ہدایات میں انہوں نے کہا کہ تمام کارروائی قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کرکے عمل میں لائی جائے تاکہ کسی قسم کا قانونی سقم باقی نہ رہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مثالی کارکردگی کے ذریعے گڈ گورننس میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

انہوں نے ڈائریکٹرز ‘ سرکل آفیسرز اور دیگر افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ اگر کسی افسر کے بارے میں شکایات ملیں تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔اجلاس میں چیئرمین انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سید ذاکر حسین نے تمام کیسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر منظور وسان نے ہدایت کی کہ کارکردگی کو مناسب طریقے سے نمایاں بھی کیاجائے تاکہ لوگوں کو اس کے بارے میں آگاہی ہوسکے ۔ اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز انکوائریز ‘ ڈائریکٹر سندھ ‘ ڈائریکٹر لیگل ‘ ڈپٹی سیکریٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :