ڈیرہ مراد جمالی، معاشرے کے مسائل کے حل کیلئے سول سوسائٹی کے کردار سے انکار ممکن نہیں ، مختیاراحمد چھلگری

بدھ 25 فروری 2015 19:29

ڈیرہ مراد جمالی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) ایس پی او ریجن بلوچستان کے ہیڈ مختیاراحمد چھلگری نے کہا ہے کہ معاشرے کے مسائل کے حل کے لئے سول سوسائٹی کے کردار سے انکار ممکن نہیں ۔ جس معاشرے میں باشعور افراد میسر ہوں عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ان کی خدمات ضرور حاصل کرتے ہیں ۔ ایس پی او فلاحی تنظیموں کی استعداد کاری میں اضافے کے لئے کوشاں ہے اور حکومتی سطح پر فلاحی تنظیموں کی مالی اعانت کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

سول سوسائٹی نیٹ ورک نصیرآباد کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی نیٹ ورک نصیرآباد کی پاٹنر تنظیموں کے نمائندہ اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سول سوسائٹی نیٹورک کے کوآرڈینیٹر عبدالسلام بلوچ، جنرل سیکریٹری امان اللہ بلیدی، جمیل احمد گجر ، بشیر احمد گجر ، آغا نیاز مگسی ، نصیر احمد مستوئی سمیت دیگر سماجی افراد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عبدالسلام بلوچ نے تنظیم کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سول سوسائٹی نیٹ ورک کے پلیٹ فارم سے بہت سے عوامی مسائل پر بہترین انداز میں کمپئن چلائی گئی ہیں جن میں اوچ پاور سے بجلی کی فراہمی سڑکوں کی تعمیر، گریڈ سٹیشن کی تعمیر، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سول سوسائٹی نیٹ ورک اب عوام کی ضرورت بن چکی ہے اور عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ہمارے پاس آتے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سول سوسائٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے تا کہ معاشرے میں بسنے والے افراد کے مسائل صحیح معنوں میں حل ہو سکیں ۔

اس موقع پر اس پی او کے ریجنل ہیڈ نے سول سوسائٹی نیٹ ورک کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیٹ ورک نے اپنی مدد آپ کے تحت بہت سارے فلاحی کام سر انجام دئیے ہیں جو کہ دیگر فلاحی اداروں کے لئے اچھی مثال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر بھی سول سوسائٹی نیٹ ورک کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے سول سوسائٹی نیٹ ورک کے دفتر کے لئے زمین الاٹ کرائی جائے تا کہ حکومت بلوچستان کے تعاؤن سے ادارے کی بلڈنگ تعمیر ممکن ہو سکے ۔اس موقع پر تمام نمائندوں نے علاقائی فلاح و بہبود کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

متعلقہ عنوان :