’ڈنر کے لیے کسینو کا انتخاب غلطی تھی‘ عوام سے معافی مانگتا ہوں ، معین خان ،

یہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ بورڈ کے کسی آفیشل کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دورے کے درمیان میں وطن واپس بلایا گیا ہو، اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ کرائسٹ چرچ کے کسینو میں رات کے کھانے پر گیا تھا جو غلطی تھی ،کیونکہ اس سے پاکستانی عوام اور کرکٹ کے شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، اپنی اس نادانستہ حرکت پر شرمندہ ہوں ، نادانستگی میں کی گئی غلطی پر بہتان لگا دیا گیا ، صفائی کا موقع بھی نہیں دیا گیا ، چیف سلیکٹر

بدھ 25 فروری 2015 18:52

’ڈنر کے لیے کسینو کا انتخاب غلطی تھی‘ عوام سے معافی مانگتا ہوں ، معین ..

برسبین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین معین خان کا کہنا ہے کہ ڈنر کے لیے کسینو ( جوا خانے ) کا انتخاب ان کی غلطی تھی جس کے لیے وہ پاکستانی عوام سے معافی کے طلب گار ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے معین خان کو کرائسٹ چرچ کے جوا خانے میں جانے کی پاداش میں وطن واپس بلا لیا ہے اور وہ پہلی دستیاب فلائٹ سے برسبین سے براستہ دبئی وطن واپس روانہ ہونے والے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کرکٹ بورڈ کے کسی آفیشل کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دورے کے درمیان میں وطن واپس بلایا گیا ہے۔معین خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ کرائسٹ چرچ کے کسینو میں رات کے کھانے پرگئے تھے اور وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ڈنر کے لیے جگہ کا انتخاب کرنے میں انہوں نے غلطی کرلی کیونکہ اس سے پاکستانی عوام اور کرکٹ کے شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، اپنی اس نادانستہ حرکت پر وہ شرمندہ ہیں۔

(جاری ہے)

معین خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کو وضاحت کرتے ہوئے ان سے معافی بھی مانگ لی ہے اور وہ اس بارے میں مزید وضاحت ان سے ملاقات کرکے کریں گے جس کے لیے ان سے وطن واپس پہنچنے کے لیے کہا گیا ہے۔معین خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھیں سب سے زیادہ دکھ اس بات پر ہے کہ ان کا موقف سنے بغیر ان کے بارے میں یک طرفہ خبریں ذرائع ابلاغ کی زینت بنیں جو کسی طور مناسب نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہتان لگا دیا گیا لیکن صفائی کا موقع نہیں دیا گیا

متعلقہ عنوان :