داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے بینک اکاؤنٹ کھولا جاچکا ہے‘ ترجمان واپڈا

بدھ 25 فروری 2015 17:33

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015)واپڈا ترجمان نے ذرائع ابلاغ میں نشر/ شائع ہونے والی اُس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے بنک اکاؤنٹ ابھی تک نہیں کھولا جاسکا، جس کے باعث منصوبے کی تعمیر میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ خبرحقیقت پر مبنی نہیں کیونکہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے بنک اکاؤنٹ پہلے ہی کھولا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر انتہائی اہم منصوبہ ہے اور واپڈا اسے ترجیحی بنیاد پر آگے بڑھا رہا ہے۔بنک اکاؤنٹ کھولے جانے کے باوجود حقیقت کے برعکس ذرائع ابلاغ میں خبر نشر کی گئی کہ جس فائل میں بنک اکاؤنٹ کھولنے کے کاغذات تھے، وہ گم ہوجانے کی وجہ سے اکاؤنٹ ابھی تک نہیں کھل سکا۔ اس غلط خبر کو واپڈا کے حوالے سے نشر کیا گیا۔ اس ضمن میں چیئرمین واپڈا نے ممبرواٹر(واپڈا) کو معاملہ کی انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ ممبرواٹر کو کہا گیا ہے کہ وہ تین دن کے اندر اس بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کریں۔