بلوچستان اور سندھ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں موجودہ حکمرانوں نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں،عبدالوہاب بلوچ

بدھ 25 فروری 2015 17:01

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) بلوچ رائٹس کونسل کے صدر عبدالوہاب بلوچ اور جنرل سیکریٹری عدیل الرحمن بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2014ءء میں بلوچستان اور سندھ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں موجودہ حکمرانوں نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، فوجی آپریشن ، مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی، اغوانما گرفتاریوں خواتین پر تیزاب پاشی سمیت سنگین واقعات میں شدت کے ساتھ اضافہ ہوا ہے ۔

ڈیرہ بگٹی، سوئی ، کوہلو، کاہان، نصیر آباد، قلات، مستونگ، کوئٹہ ، خضدار، مشکے، آواران، پنجگور، گیشکور، ڈنڈار، ہوشاب، ہیرونک، شاپک، شہرک، تربت، تمپ مند، پسنی، کلانچ، گوادر سمیت بلوچستان کے چپے چپے پر تسلسل کے ساتھ فوجی کارروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں کے لوگ مسلسل نقل مکانی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

فوجی کارروائیوں کے دوران فورسز کے اہلکاروں نے گھروں کو آگ لگا کر جلادیئے ہیں اور مال مویشیوں کو لوٹ کر اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

نقل مکانی کرنے والے خاندان دوسرے علاقوں میں بے یارومدد گار سخت سردی میں کھلے آسماں تلے کسمپرس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔ نئے سال 2015ءء کے آغاز سے اغوا نما گرفتاریاں اور مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ موجودہ حکمران جھوٹ پر جھوٹ بول کر میڈیا کو گمراہ کررہے ہیں بلوچ بچوں اور خواتین پر تعلیم کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں ۔

پنجگور و تربت سمیت دیگر علاقوں میں گرلز اسکولوں پر حملہ کرکے اسکولوں کو نذر آتش کیا گیا ہے جبکہ دیگر واقعات میں بھی خواتین کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے سے 5بلوچ خواتین کو جبری طور پر گرفتار کرکے لاپتہ کردیا گیا ہے اور ریاستی خفیہ اداروں کے مختلف ناموں سے ڈیٹھ اسکواڈ سفاکانہ کارروائیوں کرکے اقلیتوں اور قوم پرست کارکنوں کا قتل عام کررہے ہیں۔

سندھ میں بھی تواتر کیساتھ قوم پرست کارکنان اور رہنماؤں کو گرفتار کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے آتش فشاں اور مظالم انسانی المیے بلوچ نسل کشی کو روکنے کیلئے بلوچستان اور سندھ بھر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں۔

متعلقہ عنوان :