پنجاب حکومت نے مختلف سیکٹرز کی9 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 15ارب 93کروڑ سے زائد کی منظوری دیدی

بدھ 25 فروری 2015 17:01

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال2014-15 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 37 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی9 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے مجموعی طور پر 15ارب 93کروڑ 88لاکھ23 ہزار روپے کی منظوری دیدی۔صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمد عرفان الٰہی نے کی جبکہ سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم اجمل چوہدری سمیت دیگر متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے 37 ویں اجلاس میں جن9 ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں ضلع لاہور میں پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی 100 بستروں پر مشتمل نیو ایمرجنسی بلاک کی تعمیر51 کروڑ 44 لاکھ 51 ہزار روپے ، ضلع راوالپنڈی تحصیل ٹیکسلا میں 500 بیڈوں پر مشتمل واہ جنرل ہسپتال کا قیام 1 ارب 61 کروڑ80 لاکھ روپے ، ضلع وہاڑی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی کی 300 بیڈوں پر اپ گریڈیشن62 کروڑ 53 لاکھ 57 ہزار روپے، ضلع نارووال میں کوٹ نین تا سکھوچوک روڈ کی کشادگی و بہتری 46کروڑ 54 لاکھ 66 ہزار روپے، ضلع چکوال میں گھابر ڈیم کی تعمیر5 ارب 13 کروڑ 19لاکھ 94ہزار روپے، ضلع وہاڑی میں اس ایم بی لنک کینال اورمیلسی سیفن کی اہلیت بڑھانے کے لیے( ترمیمی)4 ارب 53کروڑ 45لاکھ 50ہزار روپے، ضلع ڈیرہ غازی خان کی بستی رندن اور جھکر امام شاہ راجباہ کی حفاظت24 کروڑ60 لاکھ 21 ہزار روپے ، پنجاب پولیس کی صلاحیت بڑھانے ، پنجاب پولیس انٹیگریٹڈکمانڈاور مواصلاتی سینٹر کے قیام کے لیے 16 کروڑ 37 لاکھ 94 ہزار روپے اور پنجاب ایکسلیریٹڈ فنکشنل لٹریسی نان فارمل بیسک ایجوکیشن پراجیکٹ کے لیے 2 ارب 63کروڑ 91لاکھ 90ہزار روپے شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :