زرعی ترقیاتی تنظیم ”ساگ“ کی غیر ملکی کمپنیوں کو سرکاری زمین لیز پر دینے کی مخالفت

بدھ 25 فروری 2015 16:50

اسلام آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) پائیدار زرعی ترقیاتی گروپ (ساگ) نے یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں لوک سانجھ فاؤنڈیشن سنگی ایکشن ایڈ روٹس اور دیگر کسان تنظیموں کیساتھ نیشنل سیڈ پالیسی پر غور کیا۔ یہ پالیسی وزارت قومی غذائی سکیورٹی و تحقیق نے تجویز کی ہے۔ اجلاس میں کسان تنظیموں نے کہاکہ قومی سیڈ پالیسی انتہائی کمزور ہے اور یہ چھوٹے کسانوں کا تحفظ نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مضبوط سیڈ پروڈکشن پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بہتر بیجوں کی اقسام کسانوں تک پہنچائی جائیں اور انہیں مناسب قیمت پر کسانوں کو ان کی دہلیز تک پہنچایا جائے۔ ساگ کے نمائندوں نے رائے دی کہ غیر ملکی کمپنیوں کو پرکشش مراعات دینے سے ان کی مارکیٹ پر اجارہ داری قائم ہوجائے گی جس سے مقامی سیڈز کے تحقیقات ادارے کمزور ہوجائیں گے۔ ساگ کے نمائندے ڈاکٹر شاہد ضیاء نے سرکاری زمین غیرملکی کمپنیوں کو لیز پر دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ زمین بے زمین کسانوں کو دی جائے۔ ساگ کے اراکین نے ڈاکٹر شاہد ضیاء‘ ولی حیدر اور گلفام ڈوگر پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کی تاکہ پاکستان نیشنل سیڈ پالیسی کو بہتر بنایا جاسکے۔