کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو اینٹوں کے بھٹے میں جلانے کا معاملہ، آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کیخلاف کارروائی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی

بدھ 25 فروری 2015 15:04

اسلام آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو اینٹوں کے بھٹے میں جلانے کا معاملہ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کیخلاف کارروائی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔ بدھ کے روز جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے ایس آئی عبدالرشید اور ایس آئی محمد علی کو انکوائری کے بعد ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اے ایس آئی عبدالرشید کو جبری طور پر ریٹائر کردیا گیا ہے جبکہ ایس آئی محمد علی کی سروس میں دو سال کی تنزلی کردی گئی ہے۔ اے ایس آئی عبدالرشید کو بھٹہ مالک نے متوقع واقعہ سے آگاہ کیا تھا جس نے آگے کسی افسر کو نہیں بتلایا جبکہ ایس آئی محمد علی نے بھی کوئی اقدام نہیں کیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کو فساد پر اکسانے والے مولویوں کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے اور اس حوالے سے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ گرفتار ملزمان کے چالان مکمل کرلئے گئے ہیں جن کو ماتحت عدالت میں جمع کرادیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :