اکبر بگٹی قتل کیس ، ا پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور

بدھ 25 فروری 2015 14:14

کوئٹہ(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) اکبر بگٹی قتل کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت‘ پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور‘ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لئے سندھ حکومت کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت کوئٹہ میں اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت جج آفتاب احمد لون کی سربراہی میں ہوئی۔

پرویز مشرف کی طرف سے ان کے وکیل اختر شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور پرویز مشرف کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جس پر جج آفتاب احمد لون نے پرویز مشرف کے وکیل سے استفسار کیا کہ پرویز مشرف عدالت میں کب پیش ہوں گے جس پر مشرف کے وکیل نے کہا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے اور سکیورٹی کے بھی خطرات ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیکل بورڈ اجازت دے اور سکیورٹی فراہم کی جائے تو پرویز مشرف عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔ مشرف کے علاوہ اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد ملزمان آفتاب شیرپاؤ اور شعیب شیروانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی جی ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر فاروق اعظم نے عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہاکہ مشرف کے معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ بورڈ پرویز مشرف کا معائنہ کرے گا اور رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی ، ، عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے ایک روز کا استثنیٰ دیتے ہوئے سندھ حکومت کو انہیں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لئے سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔