ڈرائی پورٹ کا قیام سرگودہا کی تعمیر وترقی ،خوشحالی کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہو گا،بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا

بدھ 25 فروری 2015 13:43

سرگودہا (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ ڈرائی پورٹ کا قیام ضلع سرگودہا کی تعمیر وترقی او رخوشحالی کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔جس سے کینو ‘ کاٹیج انڈسٹر ی او رنمک کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اس کیلئے بھلوال روڈ پر جگہ کاانتخاب کر لیاگیاہے ا ورکینو کے آئندہ سال کے سیزن سے قبل ڈرائی پورٹ کام شروع کر دے گی۔

انہوں نے سرگودہا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودہا کی ترقی کیلئے درست سمت کوششیں ہو رہی ہیں۔ سرگودہا کی ترقی کیلئے ایسے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم ہے کہ آنے والے وقت میں لوگ انہیں اچھے الفاظ سے یاد کریں ۔ملکی پیداوار کا 94 فیصد کینو سرگودہا میں پیدا ہو تا ہے جس کی برآمدات میں اضافہ کیلئے ڈرائی پورٹ کا قیام ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

ڈرائی پورٹ کے قیام سے کراچی کے ساحل کو سرگودہا لے آئیں گے جس سے ہماری مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ ایکسپورٹ پراسنگ زون کے علاوہ بے شمار صنعتی ترقی ممکن ہو گی۔ جس سے کشکول توڑ کر رفاع عامہ کے کام کئے جائینگے جس سے ہم فیصل آباد اور دیگر بڑے صنعتی شہروں سے آگے نکل جائینگے۔ ہر سال کینو سمیت دیگر مصنوعات کے دس ہزار کنٹینرز کی برآمدات متوقع ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹرین کے ساتھ بھر پور تعاون انقلابی ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر کیاجائیگا۔ جس سے سرگودہا برآمدات دوسو ملین امریکن ڈالرکو بڑھا کر ایک ہزار ملین امریکن ڈالر تک لے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ خوشاب ‘ میانوالی او رسلانوالی کی صنعتی ترقی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی کیلئے خود احتسابی کی ضرورت ہے جس سے معاشرے کے بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے ۔

قبل ازیں صدر سرگودہا چیمبر آف کامرس مرزا فضل الرحمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شہر کے بعض اہم مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کیلئے محسن شاہنواز رانجھا کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ا س موقع پر انہوں نے کہا کہ سرگودہا کے عوام کی خوشحالی او رترقی کیلئے محسن شاہنواز رانجھا کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران خواجہ احمد حنیف ‘ شیخ نوید اقبال ‘ شیخ ضیاء اقبال او ردیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کی طرف سے محسن شاہنواز رانجھا کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔