گردوں کی غیرقانونی خریدو فروخت سے متعلق مقدمے کی سماعت ،سپریم کورٹ کا صوبوں اور وفاق کی جانب سے عدالتی احکامات کے باوجود رپورٹ جمع نہ کروانے پر سخت برہمی کا اظہار ، رپورٹ ایک ماہ میں جمع کرانے کا حکم

بدھ 25 فروری 2015 13:17

اسلام آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) سپریم کورٹ نے گردوں کی غیرقانونی خریدو فروخت سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران صوبوں اور وفاق کی جانب سے عدالتی احکامات کے باوجود رپورٹ جمع نہ کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ ایک ماہ میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے‘ عدالت نے یہ حکم بھی دیا ہے کہ اس مکروہ کاروبار کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات اور گرفتار ملزمان بارے بھی تفصیلی رپورٹ دی جائے جبکہ جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جسمانی اعضاء کی غیرقانونی خریدو فروخت کا مکروہ دھندہ جاری ہے مگر وفاق سمیت صوبوں نے اس حوالے سے کوئی بھی اقدامات نہیں کئے‘ بتایا جائے کہ عدالتی احکامات کے باوجود کیوں جواب داخل نہیں کرایا گیا‘ حکومت نے معاشرے کے ناسوروں کیخلاف کیا اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روز گردوں کی غیرقانونی خریدو فروخت کے حوالے سے لئے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران دئیے۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران عدالت نے وفاق اور صوبوں کی جانب سے رپورٹ جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ وفاق اور صوبوں نے اس حوالے سے مزید وقت دینے کی استدعاء کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اس گھناؤنے کاروبار کی روک تھام کیلئے پنجاب نے ایکٹ بنالیا ہے۔

اس پر جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ایکٹ بنانا کوئی بڑی بات نہیں آپ یہ بتائیں کہ گردوں کی کہاں کہاں خریدو فروخت ہوتی ہے اور اس حوالے سے آپ نے کیا کیا ہے۔ اس پر پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ پولیس نے بڑی تعداد میں ملزمان گرفتار کئے ہیں اور بعض ایسے سنٹر بھی قبضے میں لئے ہیں جہاں پر لوگوں کے گردے نکالے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ حکومت اور بھی اقدامات کررہی ہے اور جہاں جہاں سے بھی کچھ رپورٹس ملتی ہیں حکومت اس پر کارروائی کرتی ہے اس پر جسٹس میاں ثاقب نثار نے وفاق اور صوبوں کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اس مکروہ کاروبار کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات اور اب تک ملزمان کیخلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں

متعلقہ عنوان :