مشہور افغان خاتون شربت گل عرف شربت بی بی سمیت تین افغان مہاجرین کو کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہونے کا انکشاف

بدھ 25 فروری 2015 12:40

پشاور(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عالمی شہرت یافتہ افغان خاتون شربت گل عرف شربت بی بی سمیت تین افغان مہاجرین کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کردیئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نادرا کے حیات آباد آفس کے ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ افسران نے قواعد و قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغان شہری رحمت گل کی 46 سالہ بیوی شربت بی بی اور ان کے دو بیٹوں روٴف خان اور ولی خان کیلئے گزشتہ سال ایک ہی دن شناختی کارڈ جاری کیا۔

نادرا کے ڈیٹا کے مطابق شربت بی بی پشاور کے نوٹھیا قدیم بازار کی مستقل رہائشی ہیں، جبکہ ان کے دو بیٹے ہیں، جبکہ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ شربت بی بی کی تین بیٹیاں ہیں۔شربت بی بی کے رشتہ داروں نے بتایا کہ وہ پاکستان میں رپائش پذیر ہیں اور سیکیورٹی صورتحال کے مطابق پاکستان سے افغانستان کا سفر کرتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے پر انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے ، جبکہ نادرا ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ لوگ بہت بااثر ہیں اور ہوسکتا ہے کہ انھوں نے پیسے دے کر شناختی کارڈ حاصل کیا ہو۔

ذرائع نے بتایا کہ نادرا ریکارڈ میں موجود دونوں نوجوان شاید شربت بی بی کے بیٹے نہیں ہیں کیونکہ افغان مہاجرین میں یہ عام ہے کہ وہ دستاویزات حاصل کرنے کیلئے غیر لوگوں کو بھی اپنے بچوں کے طور پر ظاہر کرتے ہیں۔دوسری جانب نادرا نے صوابی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نورینہ کو بھی بغیر تصویر کے قومی شناختی کارڈ جاری کر دیا۔خاتون کی تصویر کی جگہ انگوٹھے کا نشان لگایا گیا انہیں کارڈ بیس جنوری 2015 کو جاری کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شربت بی بی 1984 میں افغان جنگ کے دوران اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوئیں تھیں اور ناصر باغ مہاجر کیمپ میں رہائش اختیار کی۔اپنی سبز آنکھوں کی وجہ سے شربت بی بی پہلی مرتبہ اس وقت مشہور ہوئیں جب 2002 میں نیشنل جیو گرافک چینل نے ان پر دستاویزی فلم بنائی جس کے بعد وہ افغان جنگ کی مونالیزا کے نام سے مشہور ہو ئیں۔تاہم کئی سال بعد شربت بی بی کو پاکستانی شناختی کارڈ فراہم کرکے نادرا انھیں ایک بار پھر منظر عام پر لے آیا ۔