سعودی عرب میں روزگار کیلئے آئے ہوئے پاکستانی شہری پاکستان کے سفیر ہیں‘سراج الحق ،

پاکستان اور سعودی عرب اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے دو اسلامی ملک ہیں ، ریاست مدینہ کے بعد پاکستان وہ اکلوتا ملک ہے جو لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر قائم ہوا‘امیرجماعت اسلامی کا اپنے عزاز میں تقریب سے خطاب

منگل 24 فروری 2015 23:32

لاہو ر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ سعودی عرب میں روزگار کیلئے آئے ہوئے پاکستانی شہری پاکستان کے سفیر ہیں،وہ یہاں بھی اپنے کردار کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں اور ملک میں بھی اصلاح قیادت کی کوششوں کا فعال حصہ بنیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں انہیں بیرون ممالک میں رہتے ہوئے ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے، جماعت اسلامی اس ضمن میں بھرپور سعی کرے گی، ہمارے پارلیمانی ادارے خرید و فروخت کی منڈیاں بن گئے ہیں عوام کو بکاوٴ مال بن جانے والے ارکان کو ہمیشہ کے لئے مسترد کردینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ المکرمہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے دو اسلامی ملک ہیں ۔اسلام کا لافانی رشتہ ہمیں ایک دوسرے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے اور اپنی ذات پر اپنے بھائی کو ترجیح دینے پر آمادہ کرتا ہے ۔

سراج الحق نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے بعد پاکستان وہ اکلوتا ملک ہے جو لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔ اپنا وعدہ پورا نہ کرنے کے باعث ہمیں اسلامی ریاست کی برکات حاصل نہیں ہوسکیں۔ سراج الحق نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ سعودی حکومت کے قانون کا مکمل احترام اور پابندی کریں اور اسے ہر چیز پر مقدم رکھتے ہوئے پاکستان کے وقار کو بلند کریں ،انہوں نے سعودی حکومت اور خاص طور پر خادم حرمین شریفین سلطان سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستانی شہریوں کیلئے خصوصی محبت اور شفقت کا اظہار کیا ہے اور انہیں ہر شعبہ زندگی میں خصوصی مراعات حاصل ہیں ۔

انہوں نے حرمین شریفین میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ہدائت کی کہ وہ حرم کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اپنے لئے دعاؤں کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،امن و امان ،دہشت گردی سے نجات اور ملک میں نظام مصطفٰے ﷺ کی نفاذ کیلئے خصوصی دعائیں کریں ۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ وہ وقت بہت قریب ہے جب پاکستان نہ صرف امن کا گہوارہ بنے گا بلکہ دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک کے مابین ہمہ پہلو تعاون، مشترک اور تعمیری تعلیمی نصاب ، مشترک اقتصادی منڈیاں اور اصلاحی ذرائع ابلاغ کی ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کے روشن مستقبل کی امید ہے۔

متعلقہ عنوان :