بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی، وزیر اعظم نواز شریف نے تھرمل پاور پلانٹس کیلئے15کروڑکی گرانٹ دی ، اس منصوبے کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، نگران حکومت صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے اقدامات کررہی ہے، مئی میں انتخابات کا انعقاد کرانا اولین ترجیح ہے، الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کردےئے ہیں،

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر کاکابینہ کے اجلاس سے خطاب

منگل 24 فروری 2015 23:25

گلگت (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے کہا ہے کہ بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں کہ بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے، صوبے میں جاری بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف نے تھرملپاور پلانٹس کیلئے15کروڈ کی گرانٹ دینے کے احکامات دئیے ہیں جس سے موجودہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

نگران حکومت صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے بھر پور اقدامات کررہی ہے، مئی میں انتخابات کرانا ہماری اولین ترجیح ہے جسکے لئے الیکشن کمیشن کو ضروری فنڈز فراہم کردےئے ہیں تاکہ صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔ وہ منگل کو یہاں نگران صوبائی کابینہ کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گندم بحران کو حل کرنے میں وفاقی حکومت اور گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کا کردار قابل تحسین ہے وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گلگت بلتستان میں گندم کی ترسیل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائیگا تاکہ صوبے میں گندم کا بحران پیدا نہ ہو۔

انہوں نے مذید بتایا کہ وفاق سے گلگت بلتستان کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے خصوصی خط وکتابت کی ہے جسکے بعد وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے فنڈز ریلیز کر نے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ نگران صوبائی کابینہ کے فیصلوں پر عمل در آمد یقینی بنایا جائیگا تمام اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اورمیرٹ کی بالادستی کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اسامیوں کو خالصاً میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائینگی گلگت بلتستان میںNTS کے زیلی دفتر کے قیام کیلئے متعلقہ آفیسران سے رابطہ کیا جائیگا اور کابینہ اجلاس میںNTS کے دفتر کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلدNTS کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔