بیگم ذکیہ شاہنوازر نے 75مستحق خواتین میں15ہزار روپے فی کس جہیز فنڈ تقسیم کئے

منگل 24 فروری 2015 23:09

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء ) وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنوازر نے یہاں75مستحق خواتین میں15ہزار روپے فی کس جہیز فنڈ تقسیم کئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اوقاف نے 11لاکھ 25ہزار روپے کی گرانٹ جہیزفنڈ کے لیے مختص کر رکھی ہے جو ہر ماہ مستحق خواتین میں15ہزار فی کس کے حساب سے تقسیم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بیگم ذکیہ شاہنواز نے جہیز فنڈ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہیز فنڈ کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد کیاجاتاہے جس میں جہیز فنڈ کے لیے درخواستیں وصول کی جاتی ہیں اور کمیٹی کے تمام اراکین میں جہیز فنڈ فارم تقسیم کئے جاتے ہیں۔

کمیٹی کے اراکین انٹرویو اور تحقیقات کرنے کے بعد صرف مستحق اور نادار خواتین میں ماہانہ بنیاد پر امدادی چیک تقسیم کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی بچیوں کی شادی کے لیے ضروری اشیاء خرید سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہیز فنڈ کمیٹی کا بنیاد مقصد یہ ہے کہ نادار ضرورت مند خواتین کو اپنی بیٹیوں کی شادی کے لیے خاطر خواہ امداد مل سکے۔ اس کمیٹی کے ممبران میں مسز نسیم طارق، غزالہ سعد رفیق، مسز سہیل ضیا بٹ، مسز نفیسہ امین کے علاوہ داتا دربار کے ایڈمنسٹریٹر راشد احمد خان شامل ہیں۔