ملک میں اسلام کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران ہیں،پروفیسرابراہیم،

عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر یہ لوگ اقتدار تک پہنچے ہیں انہوں نے بدلے میں عوام کو بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور بدامنی دی ہے، امیر جماعت امسلامی خیبر پختونخوا

منگل 24 فروری 2015 23:08

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخو اپروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاہے کہاکہ ملک میں اسلام کے نفاذ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران ہیں۔ عوام کے کندھوں پر سوار ہوکر یہ لوگ اقتدار تک پہنچے ہیں لیکن انہوں نے بدلے میں عوام کو بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور بدامنی دی ہے۔اسلام آباد اور لاہور کے محلات کو روشن رکھنے کے لئے حکمرانوں نے پورے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

پاکستان کے آئین کے مطابق ملک کا سرکاری مذہب اسلام ہے اور اللہ کی حاکمیت کو دستور پاکستان میں بنیادی نقطہ قرار دیا گیا ہے لیکن ملک میں غیروں کی حاکمیت قائم ہے اور ان کی مرضی سے فیصلے ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک میں مدینہ جیسی اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے مصیبت کی ہر گھڑی میں قوم کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے قوم بھی ہمارا ساتھ دے۔

جماعت اسلامی کے صوبائی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکی مروت اور ٹانک میں ڈونرز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈونرز کانفرنس سے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، امیر جماعت اسلامی لکی مروت مفتی عرفان اللہ ، امیر جماعت اسلامی ٹانک سجاد احمد خان ، حاجی عزیز اللہ خان اور سبز علی نوید نے بھی خطاب کیا۔ ڈونرز کانفرنس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور جماعت اسلامی کے لئے لاکھوں روپے کے عطیات دئیے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ اس کائنات کا حقیقی بادشاہ اللہ تعالیٰ ہے باقی سب بے اختیار ہیں۔ دنیا میں انسان خلیفہ بنا کر بھیجا گیا ۔ خلافت کا اولین تقاضا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ہر حکم پر عمل کیا جائے۔ دوسرا تقاضا یہ ہے کہ اس کی دی ہوئی تمام نعمتیں اللہ کے راستے میں اور اللہ کے حکم کے مطابق صرف کی جائیں جبکہ خلافت کا تیسرا تقاضا یہ ہے کہ اس دنیا میں صرف اللہ تعالیٰ کا نظام قائم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں نے ایک اسلامی ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کی تھی لیکن ابھی تک پاکستان عملی طور پر اسلامی ریاست نہیں بن سکا۔ آئین میں تو اس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے اور اس کا سرکاری مذہب اسلام ہے لیکن حکمرانوں کی وجہ سے یہاں کے عوام ابھی تک اسلامی ریاست کے ثمرات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر چور اور ڈاکو مسلط ہیں اسی لئے ملک میں بھی چوری ، ڈاکہ زنی اور قتل مقاتلہ جاری ہے۔

ہمارے حکمران عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کررہے ہیں ۔ ملک کی تجوریاں خالی ہورہی ہیں اور ان کی جیبیں بھر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اللہ کے دین کی سربلندی اور حکومت الٰہیہ کا قیام چاہتی ہے اور اس کے لئے آئینی ، جمہوری اور ووٹ کا راستہ اپنایا ہے۔ اس وقت پورا عالم اسلام مشکلات اور مصائب کا شکار ہے اور اس کی بڑی وجہ عالم اسلام پر مسلط امریکہ نواز حکمران ہیں جو ڈالرز کے حصول کے لئے امریکہ کے سامنے سجدہ ریز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دامن ہمیشہ صاف رہا ہے ۔ اس کے کسی وزیر یا نمائندے پر آج تک کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا۔ جماعت اسلامی ملک میں امانت اور دیانت کا دوسرا نام ہے۔ اگر قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور ملک میں اسلامی پاکستان ۔۔۔خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں تعاون کرے تو ملک میں عملی طور پر اسلامی نظام نافذ ہوجائے گااور عوام کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :