ندیم نصرت ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا سینئر ڈپٹی کنوینر مقرر ،رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اراکین کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ،

الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی

منگل 24 فروری 2015 22:59

لندن،کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے تحریک کے سینئر رکن ندیم نصرت کومتفقہ طور پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا سینئر ڈپٹی کنوینر مقررکردیا ہے ۔ قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔یہ فیصلہ تنظیم نو کے سلسلے میں منگل کو ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اراکین کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا ۔

واضح رہے کہ ندیم نصرت گزشتہ ستمبرتک ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائز تھے تاہم تنظیمی امورکی رات دن انجام دہی کے باعث وہ شدیدعلیل ہوگئے تھے اور علاج ومعالجہ کے سلسلے میں طبی رخصت پر امریکہ چلے گئے تھے ۔امریکہ میں کئی مہینے علاج کے بعدان کی صحت میں قدرے بہتری آگئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیدی ہے، جس کے بعد وہ امریکہ سے دوبارہ لندن پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

چناچہ آج رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ طورپرندیم نصرت کو رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینرکے عہدے پردوبارہ مقررکردیاہے۔ الطا ف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر نصرت شوکت اور کہف الوریٰ رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارجز کی حیثیت سے حسب معمول کام کرتے رہیں گے۔