انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال کا شعبہ ایمرجنسی اپریل میں فنکشنل ہو جائے گا ‘خواجہ سلمان رفیق ،

رواں سال 650 ملین روپے منصوبے کیلئے رکھے گئے ہیں ، وزیر اعلی کی ہدایت پر منصوبے کو رواں سال مکمل کیا جائیگا ‘مشیر صحت

منگل 24 فروری 2015 20:33

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے جس کے لئے رواں مالی سال میں 650 ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ، نیورو سائنسز انسٹی ٹیوٹ کا شعبہ ایمرجنسی اپریل 2015 ء تک فنکشنل ہو جائے گا ۔یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں لاہو رجنرل ہسپتال میں زیر تعمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات میاں محمد مشتاق ، پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پی جی ایم آئی اور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ ، پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود اور چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ کی 10 منزلہ عمارت کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ دیگر سول ورک جاری ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال اس منصوبے کے لئے 650 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس میں سے 450 ملین روپے سول ورک کے لئے جبکہ 200 ملین روپے طبی آلات کے لئے مختص کئے گئے ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے رکھے گئے فنڈز کا استعمال 100 فیصد یقینی بنایا جائے - سیکرٹری مواصلات میاں محمد مشتاق نے یقین دلایا کہ مختص فنڈز رواں سال میں استعمال کر لئے جائیں گے ۔

اس موقعہ پر پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے شعبہ ایمرجنسی کو رواں سال اپریل میں فنکشنل کر دیا جائے گا جہاں مریضوں کا علاج شروع ہو جائے گا جبکہ انسٹی ٹیوٹ کے دیگر شعبہ جات کو بھی جلد از جلد فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کو تیز کیا جائے گا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ کا بقایا کام مزید تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچ سکے ۔

متعلقہ عنوان :