فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی ڈی سی او فیصل آباد کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ساتھ عام جلسوں میں بھی ڈی سی او کو اڑے ہاتھوں لینے لگے

منگل 24 فروری 2015 18:45

فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی ڈی سی او فیصل آباد کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ ساتھ عام جلسوں میں بھی ڈی سی او کو اڑے ہاتھوں لینے لگے گزشتہ روز سمندری کے نواحی علاقہ کھدر والا میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر نثار جٹ نے کہا کہ ڈی سی او نور الامین مینگل صرف فیصل آباد شہر تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ دیہی علاقوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے نااہل اور نالائق افسروں کی ضرورت نہیں اس اجتماع میں ممبر صوبائی اسمبلی رانا شعیب ادریس ‘ جعفر گوچا‘ سیف الله گل اور مظہر علی گل نے بھی خطاب کیا ۔

آن لائن کے مطابق چند روز قبل وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ و نجکاری رانا محمد افضل ایم این اے نے بھی ڈی سی او فیصل آباد کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ فیصل آباد کی تعمیر و ترقی کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز استعمال کررہے ہیں مگر آئے روز تعمیراتی کاموں میں ناقص میٹریل استعمال ہونے کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہیں جس سے حکومت کا اربوں روپیہ ضائع ہورہا ہے جبکہ بیورو کریسی کمیشن کے نام پر کروڑوں روپے خورد برد کررہی ہے اسی طرح کی شکایت ممبر صوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے فیصل آباد میں تعمیراتی کاموں کے نام پر فنڈز کے ضیائع کے بارے میں آگاہ کر چکے ہیں دریں اثناء ڈی سی او کے ترجمان نے آن لائن کو بتایا کہ ممبر آف قومی اسمبلی نثار احمد جٹ اس وجہ سے ناراض ہیں کہ ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل کو انہوں نے اپنے ڈیرہ پر آنے کی دعوت دی تھی مگر وہ مصروفیت کی وجہ سے اس دعوت میں شریک نہیں ہوسکے۔

(جاری ہے)

چنانچہ اس رنج کی بناء پر انہوں نے ان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کئے ہیں جبکہ ڈی سی او کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ڈی سی او نور الامین مینگل کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔