کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے پنجاب میں توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا ،عائشہ شیخ

منگل 24 فروری 2015 18:29

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء ) پاکستان مسلم لیگ ق لیبرونگ شعبہ خواتین لاہور کی صدرعائشہ شیخ نے نیپرا کی اس رپورٹ پر تشویش کا اظہا ر کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ2020کے بعد بھی ختم نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا ہے کہ آنے والی نئی نسل کے بہتر مستقبل اور توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر انتہائی ضروری ہے ۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ڈیڑھ سے دو روپے والی 3600میگا واٹ بجلی سسٹم میں آئے گا اور زراعت کے لیے سارا سال پانی دستیاب رہے گا جس سے پاکستان زرعی اجناس میں بھی خود کفیل ہوجائے گا ۔

کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے پنجاب میں توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا اور پنجاب اندھیوں سے روشنیوں کی طرف لوٹ آئے گا،صنعت کا پہیہ چلے گا تو مزدور بھی خوشحال ہوگا۔

(جاری ہے)

عائشہ شیخ نے کہا کہ پنجاب نے کالاباغ ڈیم کے حق میں قرارداد پاس کر رکھی ہے ؟کیا پنجاب وفاق کی غیر اہم اکائی ہے ؟جب بھی پنجاب کی زمین کم غلہ اگلتی ہیں ، تو اس کا براہ راست اثر قومی پیداوار پر پڑتا ہے ، بھوک اور قحط کے سائے دیگر تینوں صوبوں کو بھی لپیٹ میں لے لیتے ہیں ، کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا بنیادی مقصد پانی کے ضیاع کو روکنا اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے ، پانی کے ضیاع کی وجہ سے ہر سال ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہو رہی ہے ، اور ہر وقت پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے فی ایکڑپیداوار کم ہو رہی ہے ،کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تکنیکی بنیادوں پر نہیں سیاسی بنیادوں پر ختم کیا گیااس لیے حکومت فی الفور کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا آغا ز کرے اور اختلافات رائے ختم کروائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واحد ڈیم ہے جس کی تعمیر کا آغاز کردیا جائے تو دو تین سالوں میں یہ ڈیم مکمل ہوکر جائے گا اور پاکستان خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ڈیم کی تعمیر سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا زراعت ، انڈسٹریزترقی کرے گی ،سستی بجلی کی فراہمی سے بھاری بلوں سے نجات ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :