پاکستا ن اور ترک بحری افواج کے مابین دوطرفہ بحری مشق شمالی بحیرئہ عرب میں اختتام پذیر ہو گئی

منگل 24 فروری 2015 17:07

کراچی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015)پاکستا ن اور ترک بحری افواج کے مابین ہونے والی دوطرفہ بحری مشق شمالی بحیرئہ عرب میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ہاربر اور سی فیز پر مشتمل اس مشق میں سطح آب، زیر آب اورفضائی جنگ سے متعلق تمام بحری آپریشنزشامل تھے ۔ علاوہ ازیں، کراچی میں دونوں ملکوں کی اسپیشل نیول آپریشنز فورسز کے درمیان ایک خصوصی مشق بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس دو طرفہ مشق سے دونوں بحری افواج کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے ، دفاعی حکمت عملی کو مزید موثر بنانے اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کا موقع بھی ملا۔ دونوں ممالک کے درمیان قدیم دوستانہ مراسم کی بدولت دونوں ملکوں کی افواج بالعموم اور بحری افواج بالخصوص تربیتی معاملات میں باہمی تعاون اور ربط کو مسلسل فروغ دینے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہیں۔ دونوں افواج کے درمیان قائم گہرے روابط موجودہ دور میں مزید اہمیت اختیار کرگئے ہیں جہاں بحری استحکام کے لیے مشترکہ آپریشنز ناگزیر ہیں۔ اس مشق نے دوست ممالک کی نیول فورسز کے درمیان مستقبل کی مشترکہ مشقوں کے لیے ایک ٹھوس بنیا د فراہم کی ہے۔