سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی قتل کیس کی سماعت ،وفاق کو جواب داخل کرانے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت ، کیس سماعت ملتوی

منگل 24 فروری 2015 15:06

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے وفاق کو جواب داخل کرانے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کیس سماعت ملتوی کر دی۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عطر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

وفاق کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میاں عبدالرؤف جبکہ شہباز بھٹی قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر عبداللہ کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران شہباز بھٹی قتل کیس میں گرفتار ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا میرے موقل کے خلاف غیر قانونی طور پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جو کہ شہباز بھٹی قتل کیس میں ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں اور ملزم کی جانب سے ایف آئی آر کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سماعت پر عدالت نے شہباز بھٹی قتل کیس میں جواب داخل کرانے کے لئے فریقین کو نوٹس جاری کئے تھے۔ منگل کے روز سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میاں عبدالرؤف نے عدالت کو بتایا کہ شہباز بھٹی قتل کیس میں نوٹس موصول ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک جواب تیار نہیں ہوا۔ عدالت سے استدا کی جاتی ہے کہ جواب داخل کرانے کے لئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے شہباز بھٹی قتل کیس میں وفاق کو جواب داخل کرانے کے لئے دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :