پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی عبادت گاہوں میں ایک سے زائد لاوٴڈ سپیکرز کے استعمال پر پابندی لگا دی

منگل 24 فروری 2015 13:29

راولپنڈی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی عبادت گاہوں میں ایک سے زائد لاوٴڈ سپیکرز کے استعمال پر پابندی لگا دی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پولیس کو احکامات جاری کیے کہ پنجاب ساوٴنڈ ریگولیشن آرڈیننس 2015 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاوٴن شروع کیا جا ئے نیا قانون پولیس کو گرفتاریاں اور ساوٴنڈ سسٹم ضبط کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ نئے قانون کے تحت اذان جمعہ کا عربی میں خطبہ، گم شدہ افراد یا اموات کے اعلان کیلئے مسجد کے باہر صرف ایک لاوٴڈ سپیکر استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔راول ڈویژن کے پولیس سپریٹنڈنٹ ملک کرامت نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے اضافی لاوٴڈ سپیکر فوری ہٹانے کیلئے مساجد اور دوسری عبادت گاہوں کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔خیال رہے کہ لاوٴڈ سپیکرز کے استعمال، نفرت اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت اور تقسیم اور وال چاکنگ پر پابندی پر عمل درآمد میں پولیس کی کارکردگی پر وزیر اعلی پنجاب پہلے ہی اظہار ناراضگی کر چکے ہیں۔دوسری جانب،صوبائی حکومت نے متعلقہ حکام کو مساجد اور مدرسوں کی غیر مجاز تعمیر پر نظر رکھنے کی ہدایت کی -

متعلقہ عنوان :