میرپور کا ضمنی الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر بھاری اکثریت سے جیتے گی ۔ سردار محمد یعقوب خان

پیر 23 فروری 2015 23:19

اسلام آباد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ میرپور کا ضمنی الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر بھاری اکثریت سے جیتے گی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں موجودہ حکومت نے تعمیر و ترقی کے حوالے سے جتنے کام کیے ہیں اس کی ماضی میں گزشتہ 68 سال میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں میڈیکل کالج ، کیڈٹ کالج،منگلا ڈیم متاثرین کی آباد کاری ، اور اربوں روپے کے معاوضہ جات کی ادئیگی کا سہرا چوہدری عبدالمجید کے سر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوام جماعت ہے جس کو چند شخصیات کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ یہ کارکنوں کی جماعت ہے ۔ اور الیکشن ہمارے کارکن ہی جیتے گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جتنے تعمیر وترقی کے کام ، کارکنوں کی ایڈجسٹمنٹ پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئی ہے۔ ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں صدارتی سیکرٹریٹ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں مختلف عومی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر حقیقی معنوں میں تعمیر و ترقی کے ہیرو ہیں۔

اور انہوں نے ہر سطح پر ریاست کے حقوق کے لیے جرات مندی سے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کامیابی سے اپنی مدت مکمل کرنے جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ڈیڑھ سالوں میں آزاد کشمیر میں لا تعداد میگا پراجیکٹس شروع ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقتی طور پر کسی شخصیت سے پارٹی چھوڑنے سے معمولی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت اپنی معیاد پوری کرے گی ۔

اور عوام پانچ سالہ کارکردگی کا گزشتہ 68 سالہ تعمیر وترقی کا موازنہ کریں گے تو پھر دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم با اصول لوگ ہیں۔ ہر آدمی کے بارے میں اچھے خیالات کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے کارکن گواہ ہیں کہ میں گزشتہ 4 انتخاب کے دوران اپنی انتخابی مہم میں اپنے مخالف امیدوار کا نام تک نہیں لیااور نہ ہی کیچہڑ اچھالتا ہوں اور نہ کبھی کسی مخالف امیدوار نے میرے خلاف بدکلامی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہماری روایت اور کلچر ہے سیاسی مخالفین بھی ایک دوسرے کو خندہ پیشانی سے ملتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آزاد کشمیر میں جب انتخاب ہوں گے تو یہ ثابت ہو جائے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے ۔ دریں اثناء صدر آزاد کشمیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کا ہاتھ ہے ۔

تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عمران خان اگر پاکستان میں ہونے والے انتخابات کو دھاندلی زدہ سمجھتے تھے تو انہیں قومی اسمبلی میں آ کر حلف نہیں اٹھانا چاہیے تھا۔ میڈیا پر شکست تسلیم کرنے کے بعد ایک سال اسمبلی میں گزار کر انہیں یاد آیا کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔

تو لوگ اسے کیونگر مان لیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو وزیراعظم بننے کی جلدی ہے میں انہیں کہوں گا کہ وہ عوامی فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے اپنی باری کا انتظار کریں۔ علاوہ ازیں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے دیرینہ رہنما حلقہ 4 کے سینئر کارکن سردار رشید احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ مرحوم کے لواحقین کے نام ایک تعزیتی پیغام میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ سردار رشید خان منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاسی کارکن تھے ۔ سماجی حوالے سے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔