معیشت کی بحالی کیلئے بینک نجی شعبے کے ساتھ خصوصی تعاون کریں۔ مزمل صابری

پیر 23 فروری 2015 23:19

اسلام آباد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کمرشل بینکوں پر زور دیا کہ و ہ نجی شعبے کو آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نجی شعبہ کاروبار سرگرمیوں کو بہتر طور پر فروغ دے کرمعیشت کی جلد بحالی اور پائیدار قومی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری، سنیئر نائب صدر محمد شکیل منیر اور نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں سے بینکوں نے نجی شعبہ کو سرمایہ کاری اور کاروبار کو وسعت دینے کیلئے آسان قرضے فراہم کرنے کی بجائے حکومت کو مالی تعاون فراہم کرنے کی روش اپنا رکھی ہے جس سے نجی شعبے کی ترقی متاثر ہو رہی جبکہ ملک میں کارباری سرگرمیوں کو فرو غ دینے اور دیرپا اقتصادی ترقی حاصل کرنے کے امکانات مانند پڑرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سال 2007 تا 2014 کے دوران بینکوں نے پبلک سیکٹر کیلئے فنڈنگ 1کھرب روپے سے بڑھ کر 5کھرب روپے کر دی ہے جس سے ظاہر ہے کہ بینکوں کی حکومت کیلئے فنڈنگ میں 400فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران بینکوں کی طرف سے نجی شعبے کیلئے قرضوں کی رقم 2.1 کھرب روپے سے بڑھ کر صرف 3کھرب تک ہوئی ہے جو اس بات کا عکاس ہے کہ بینک اپنی بنیادی ذمہ داری یعنی بچت کو سرمایہ کاری کی طرف منتقل کرنے میں ناکام رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ نجی شعبہ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ 2007 میں بینک اپنے کل قرضوں کا 67فیصد نجی شعبے کو فراہم کرتے تھے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی ہوتی گئی اور 2014 تک یہ شرح کم ہو کر صرف37 فی صد تک آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2015 کی مالیاتی پالیسی کے مطابق مالی سال 2015 کی پہلے ششماہی کے دوران بینکوں نے بجی شعبے کو مجموعی طور پر 224.5 ارب روپے کا قرضہ فراہم کیا جبکہ گزشہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران نجی شعبہ کو 325.8 ارب روپے قرضہ فراہم کیا گیا تھا جس سے ظاہر ہے کہ بینکوں کی طرف سے نجی شعبے کیلئے قرضوں کی سہولت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں بینکوں کو چاہیے کہ وہ اپنی پا لیسی پر فوری طور پر نظر ثانی کریں اور بچت کو سرمایہ کاری کی طرف منتقل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دیں تاکہ نجی شعبہ ملک کی معاشی ترقی میں بہتر کردار اد کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ برازیل، چین اور انڈیا کی معیشتوں کو تیز رفتار ترقی کے راستے پر ڈالنے میں بینکوں نے نمایاں کردار ادا کیا لہذا پاکستان میں بھی بینکوں کو چائیے کہ وہ بھی معاشی ترقی میں ایسا ہی مثبت کردار ادا کریں اور نجی شعبہ کو آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کریں جس سے معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور لوگوں کوروزگار کے مواقع فراہم کرنے میں کافی مدد ملے گی۔