نیب نے طارق اعوان اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن خان سمیت کئی ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی،

ریفرنس میں ورکرز ویلفیئر بورڑ خیبرپختونخوا کے سابق سیکرٹری طارق اعوان، سابق پراجیکٹ منیجر عبدالوحید، کنٹریکٹرز محمد اصغر اعوان، ارسلان قریشی، منظور احمد غوری اور نعیم احمد ربانی شامل، ملزمان پر مبینہ طور پر زیادہ قیمتوں پر 9ٹھیکوں کے ذریعے غیر معیاری آلات ورکرز ویلفیر بورڈ کیلئے خریدنے کا ا لزام ہے ،رپورٹ، قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ، چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری

پیر 23 فروری 2015 23:14

نیب نے طارق اعوان اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن خان سمیت کئی ملزمان کے ..

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) نیب کے ایگزیکٹو بورڑ نے طارق اعوان اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن خان سمیت کئی ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ پیر کو نیب ایگزیکٹو بورڑ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کورارٹر میں ہوا جس میں دو ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق پہلے ریفرنس میں ورکرز ویلفیئر بورڑ خیبرپختونخوا کے سابق سیکرٹری طارق اعوان، سابق پراجیکٹ منیجر عبدالوحید، کنٹریکٹرز محمد اصغر اعوان، ارسلان قریشی، منظور احمد غوری اور نعیم احمد ربانی شامل ہیں۔

ملزمان پر مبینہ طور پر زیادہ قیمتوں پر 9ٹھیکوں کے ذریعے غیر معیاری آلات ورکرز ویلفیر بورڈ کیلئے خریدنے کا ا لزام ہے۔

(جاری ہے)

اس کیس میں ملزمان پر مبینہ طور پر قومی خزانے کو تقریباََ 1.18 بلین روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے دوسرا ریفرنس سابق چےئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر عبدالرحیم اور دوسروں کے خلاف دائر کرنے کی منظوری دی۔

اس کیس میں ملزمان پر مبینہ طور پر غیر مستحق طلباء کو ناجائز مارکس دینے اور حقدار طلبا ء کی حق تلفی کا الزام ہے جس کے ذریعے ملزمان نے مبینہ طور پر قومی خزانے کو 29 لاکھ45 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا ۔ ایگزیکٹو بورڈنے اسلام آباد میں قائم سینٹورس کی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسروں کے خلاف مبینہ طور پر سی ڈی اے بائی لاز کی خلاف ورزی کے الزام میں انکوائری کرنے کی منظوری دی۔

نیب نے عرفان اللہ خان، ڈائریکٹر(BS-20)لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن اور نجف عباس سیال سابق لینڈ ایکوزیشن کلکٹر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خلاف شواہد کی کمی کے باعث انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دی۔ قومی احتساب بیورو نے اللہ وسایااعوان سابق ڈائریکٹر جنر ل انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹرینگ اینڈ ریسرچ کے خلاف ناجائر اثاثہ جات کی شکایت شواہد کی کمی کے باعث بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

چےئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے اور بھرپورکوششیں کی جارہی ہے کہ ملک بھر میں سرکاری اور پرائیوٹ ادارے عوام کی خدمت میرٹ پر کریں اور ان اداروں سے عوام سے رشوت طلب کرنے کی شکایات موصول نہ ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ قومی احتساب بیورو ملک میں گڈگورننس کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے اور لوگوں کو مسلسل بد عنوانی کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہی وجہ ہے کہ نیب پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کا بر ملا اظہار پلڈاٹ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کیا ہے۔ انہوں نے قومی احتساب بیورو کے تمام افسروں اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے بدعنوانی سے متعلق تمام شکایات کی تصدیق، انکوائریاں اور تحقیقات مکمل شفافیت، میرٹ اور شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :