حکومت شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی ممکنہ سرگرمیوں اور کارروائیوں سے غافل نہیں ، سیکرٹری خارجہ ،

تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے ، کمیٹی کو بریفنگ ، دنیا بھر میں دولت اسلامیہ کی شدت پسندانہ کارروائیوں کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،اعزاز احمد چوہدری

پیر 23 فروری 2015 23:10

حکومت شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی ممکنہ سرگرمیوں اور کارروائیوں ..

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء)سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی ممکنہ سرگرمیوں اور کارروائیوں سے غافل نہیں  تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔انھوں نے یہ بات پیر کو پارلیمنٹ ہاوٴس میں خارجہ امور سے متعلق ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

اعزاز چوہدری نے کہاکہ پاکستانی عوام کی داعش کے ساتھ نہ تو نظریاتی اور نہ ہی جغرافیائی وابستگی ہے تاہم دنیا بھر میں دولت اسلامیہ کی شدت پسندانہ کارروائیوں کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔سیکریٹری خارجہ نے کہاکہ پاکستان میں کچھ کالعدم تنظیموں کے ارکان دولتِ اسلامیہ کے ساتھ روابط کا دعویٰ کر رہے ہیں اور سکیورٹی اور خفیہ ادارے ایسی کالعدم تنظیموں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستانی افواج دولتِ اسلامیہ سمیت کسی بھی کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی میں کسی بھی بین الاقوامی اتحاد کا حصہ نہیں اور وہ اپنے طور پر ہی ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔اْنھوں نے کہا کہ داعش کی کارروائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی برادری بھی اس تنظیم کے خلاف متحرک ہو گئی ہے۔خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حاجی عدیل کے دولتِ اسلامیہ کے ارکان کی پاکستان میں گرفتاری سے متعلق سوال پر سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ہزاروں افراد گرفتار ہوئے ہیں اور اس امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا کہ ان میں ایسے افراد بھی ہوں جو دولتِ اسلامیہ کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔