محکمہ ریلوے کی اراضی پر قابض مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کاآغاز کردیا گیا

پیر 23 فروری 2015 23:01

حیدرآباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) محکمہ ریلوے کی اراضی پر قابض مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کاآغاز کردیا گیا ،جی او آر کالونی اور آٹو بھان روڈ پر ریلوے ٹریک کے ساتھ قائم تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے منہدم کر دی گئیں، خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کا ریلوے حکام کے خلاف سخت احتجاج۔

(جاری ہے)

حیدرآباد میں ریلوے کی اراضی پرقبضے اور تجاوزات قائم ہونے کے حوالے سے میڈیا کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے کے اعلیٰ حکام نے ریلوے کی اراضی واگزار کرانے کے لئے حکم دیا جس پر ڈپٹی ڈی ایس ریلوے ابراہیم راجپرکی نگرانی میں ریلوے پولیس، انسداد تجاوزات عملے نے ضلعی پولیس کی مدد سے ریلوے ٹریک کے اطراف جی اوآر کالونی کے سامنے آٹوبھان روڈ پر نجی ہوٹلز کی طرف بھاری مشینری کے ساتھ کاروائی کئے دوران متعدد گھر اور چاردیواری مسمار کردیں آپریشن کے خلاف قبضہ مافیا اور وہاں رہائش پذیر خواتین اوربچوں سمیت لوگوں نے ریلوے حکام کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے بتایا کہ کاروائی سے پہلے ریلوے حکام نے انہیں کوئی پیشگی نوٹس نہیں دیا جبکہ انہوں نے لاکھوں روپے دے کر یہ اراضی خریدی ہیں اور تعمیرات پر بھی لاکھوں روپے خرچ کئے ہیں، اسسٹنٹ انجینئر محکمہ ریلوے حیدرآباد غلام اصغر نے بتایا کہ قانونی نوٹس انہیں دیا جاتا ہے جوقانون کے مطابق کسی اراضی پر بیٹھے ہوں مظاہرین غیر قانونی طورپر ریلوے اراضی پر قابض ہیں، انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ ریلوے کی اراضی خالی کردیں بصورت دیگرقانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گئی ، انہوں نے کہاکہ قابضین کی شکایت پر ایک شخص جوکہ اپنا نام یاسین بتاتا ہے کو گرفتارکیا ہے جس نے لوگوں سے بھاری رقم لے کرسرکاری اراضی فروخت کی ہے اس شخص کے خلاف مقدمہ بھی درج کیاجارہاہے ۔

متعلقہ عنوان :