آج کا نوجوان پاکستان کا کل ہے،قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ،

شفاف تعلیمی نظام نے امیر اور غریب کا فرق ختم کر دیا ہے، اسلامیہ کالج قصور سے آئے 45رکنی طلبہء کے وفد سے سردار شیر علی خان گورچانی کی گفتگو

پیر 23 فروری 2015 23:00

لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے ملنے والے اچھے نتائج کو پوری دنیا میں مانا گیا ہے ۔موجودہ دور میں شفاف تعلیمی نظام نے امیر اور غریب کا فرق ختم کر دیا ہے ۔اب و ہی بچہ اول پوزیشن حاصل کرے گا جو محنت کرئے گا۔ان خیالات کا اظہار قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے اسلامیہ کالج قصور سے آئے 45رکنی طلبہء کے وفد سے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کے دوران کیا ۔

انہوں نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مستقبل کے معماروں کے لئے پنجاب اسمبلی کے دروازے کھول دیے ہیں تا کہ وہ یہاں ہونے والی قانون سازی دیکھ کر سیکھیں اور اپنے مفید مشورے دے سکیں۔

(جاری ہے)

آج کا نوجوان پاکستان کا کل ہے اور اپنے کل کو سنوارنے کے لیے ہمیں ہر سطح پر نوجوان نسل کی رہنمائی کرنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین پاکستان اور اس کی عوام کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے ہیں ، ہمارا یہ قوم سے وعدہ ہے کہ بحرانوں سے پاک اور ترقی یافتہ پاکستان کا تحفہ عوام کو دے کر دم لیں گے۔

ہم پاکستانی ہیں اور ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے حق کے لیے لڑنا جانتی ہیں۔ ملک کو موجوہ بحرانوں سے نکالنے کے لئے یوتھ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ہم پاکستان کو قائد اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا سکیں۔ بعد اذاں وفد کو پنجاب اسمبلی کی تاریخی بلڈنگ کا دورہ بھی کروایا گیا اور رواں اجلاس کی کاروائی بھی دیکھی۔