رسول کی شان میں گستاخی بدترین دہشت گردی ہے ،عالم اسلام بیک آواز ہوکر ہی اس کا مقابلہ کر سکتا ہے‘سراج الحق

پیر 23 فروری 2015 22:59

لاہو ر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مکہ مکرمہ میں منعقدہ بین الاقوامی اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی بدترین دہشت گردی ہے، عالم اسلام بیک آواز ہوکر ہی اس کا مقابلہ کر سکتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مطہرہ کی پیروی کر کے ہی دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی کسی جسارت کا راستہ روکنے کیلئے تمام مسلمان حکمرانوں کو مشترکہ اور سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔سراج الحق نے کہاکہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے اجتماعی مسائل ہیں ۔ فلسطین اور کشمیر میں دو کروڑ سے زائد مسلمان یہود و ہنود کے ظالمانہ قبضے میں ہیں ۔

(جاری ہے)

نصف صدی سے زائد عرصہ سے ان مسلم علاقوں کو اسلحہ کے زور پر غلام بنایا گیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ عالم اسلام ان اجتماعی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنائے تاکہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو اسرائیل اور بھارت کی غلامی سے نجات دلائی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں اسلامی تحریک کے قائدین پر حسینہ واجد کے حکومتی مظالم حد سے بڑھ چکے ہیں مسلم حکمرانوں کو ان مظالم کے خلاف بھی آواز بلند کرنا اور حسینہ واجد حکومت کے مظالم کے سد باب کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔