ارکان سندھ اسمبلی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے اپیل کریں کہ دواوٴں کی خریداری سے متعلق فیصلہ جلد سنایا جائے ،جام مہتاب حسین ڈاہر

پیر 23 فروری 2015 21:14

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) سندھ کے وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈاہر نے ارکان سندھ اسمبلی سے اپیل کی ہے کہ وہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے اپیل کریں کہ دواوٴں کی خریداری سے متعلق فیصلہ جلد سنایا جائے ۔ انہوں نے یہ اپیل پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو کے نکتہ اعتراض پر کی ۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت ہیپاٹائیٹس کو کنٹرول کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کر رہی تھی لیکن ہیپاٹائیٹس میں روز بروز اضافہ ہو رہا تھا ۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ مقامی کمپنیوں سے جو ٹیکے اور دوائیں خریدی جا رہی تھیں ، ان کا کوئی اثر نہیں ہو رہا تھا ۔ اس لیے حکومت سندھ نے دواوٴں کی خریداری کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک پروکیورمنٹ کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کی سفارش پر کچھ کثیر القومی کمپنیوں سے دوائیں خریدنے کا فیصلہ کیاتھا ۔

(جاری ہے)

ان دواوٴں کی قیمتوں میں بھی کوئی زیادہ فرق نہیں ہے لیکن یہ دوائیں موثر ہیں ۔

وزیر صحت نے کہا کہ مقامی کمپنیوں نے عدالت نے رجوع کیا اور سندھ ہائیکورٹ نے انہیں حکم امتناع جاری کر دیا ۔ ہیر اسماعیل سوہو نے کہاکہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے ۔ ہیپاٹائیٹس کا علاج بہت مہنگا ہوتا ہے ۔ پہلے جن مریضوں کا علاج کیا گیا ، ان کا بھی دوبارہ علاج کرنا پڑے گا ۔ اس وقت دوائیں میسر نہیں ہیں ۔ حکومت جلد اس حوالے سے اقدامات کرے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ تمام ارکان سندھ اسمبلی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو لکھیں کہ وہ اس کیس کا جلد فیصلہ کریں ۔

اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ قریب ہے ۔ آپ سب لوگ وہاں چلے جائیں ۔ جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا کہ ٹیکوں میں اثر نہیں تھا ، اس لیے ہم نے دوسری کمپنیوں سے دوائیں خریدنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ میں عدالت میں خود حاضر ہوں گا کیونکہ اس وقت ایک بھی ٹیکہ نہیں ہے ، جو مریضوں کو لگایا جا سکے ۔