دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کی کوششوں کے مثبت نتائج بر آمد ہو رہے ہیں ، ملک فیاض احمد اعوان ،

نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل در آمد کرتے ہوئے ملکی امن ومان کو ہر صورت بحال ،دہشت گرد عناصر کا مکمل صفایا کیا جائیگا، رکن صوبائی اسمبلی

پیر 23 فروری 2015 19:02

حافظ آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ملک فیاض احمد اعوان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے حکومت، آرمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج بر آمد ہو رہے ہیں اور حکومت کا یہ پختہ عزم ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل در آمد کرتے ہوئے ملکی امن ومان کو ہر صورت بحال اور دہشت گرد عناصر کا مکمل صفایا یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی خود کفالت کا خواب امن امان قائم کئے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور حکومتی اداروں کے ساتھ عوام کو بھی دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنا بھر پور اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر نا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور بے گناہ نہتے شہریوں کو شہید کرنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی اور چھپ کر بزدلانہ کار وائیاں کرنے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور عوام الناس بھی دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے متحد ہو چکے ہیں اور ملکی امن کی مکمل بحالی کے سلسہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔