الخدمت کے تحت 52 قیدیوں نے کمپیوٹر کورس مکمل کرلیا

جیلوں کو جرائم کا ہیڈکوارٹر بنانے کے بجائے تربیتی سینٹر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں،قاضی نذیر

پیر 23 فروری 2015 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء)الخدمت کراچی اورسینٹرل جیل انتظامیہ کے اشتراک سے سینٹر جیل کراچی میں کمپیوٹر کورس مکمل کرنے والے قیدیوں میں سرٹیفیکیٹ کی تقسیم،جیل سپرنٹنڈنٹ قاضی نزیر،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شاکر شاہ ،الخدمت کراچی کے جنرل سیکر ٹری انجینئر عبدالعزیز ، سینئر منیجر منظر عالم ، فواد شیروانی ،محمدآصف خان ،اور جیل انتظامیہ و دیگر موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ قاضی نزیر نے کہا کہ جیلوں کو جرائم کا ہیڈکوارٹر بنانے کے بجائے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بنانا چاہتے ہیں، ملک میں بڑی تعدادمیں نام نہاد این جی اوز کام کررہی ہیں مگر بہت سی ایسی این جی اوز ہیں جن کا نام میڈیامیں نہیں آتا اورنہ ہی ہمیں ان کاپتا ہے مگر اصل میں کام ہی گمنام این جی اوز کررہی ہیں جو مبارکباد کی مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قید ی ماضی کو بھول کرمستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے مزید کہا جیلوں میں سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں، ہم ہرجائز کام میں تعاون کے لیے تیارہیں ۔ ، انہوں نے کہا کہ جیلوں میں اصلاحی پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے الخدمت کے تعاون کے ساتھ کام جاری ہے ۔ا س موقع پر الخدمت کے جنرل سکریٹری انجینئر عبدالعزیز نے کہا کہ الخدمت زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ،انھوں نے قیدیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ انسان خطاء کا پتلا ہے غلطیاں انسان سے ہی ہوتی ہے اپنی غلطیوں پر ہمیں اللہ سے سچے دل سے معافی مانگنی چاہئیں ، اور ہم اللہ سے اپنا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر کرے ،انھوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ رہائی کے بعد ایک اچھے انسان کے ساتھ ملک اور قوم کی خدمت کرے گے ،الخدمت کراچی کے تحت لانڈھی جیل میں بھی کمپیوٹر سینٹر احسن طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے ،الخدمت بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے ،انجینئر عبدالعزیز نے جیل سپرنٹنڈنٹ قاضی نزیر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شاکر شاہ کا الخدمت کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

اس موقع پر مہمانوں نے کامیاب ہونے والے قیدیوں کو اسناد دیں، جبکہ انجینئر عبد العزیز نے کورس ٹرینراوجیل سپرنٹنڈنٹ قاضی نزیر ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شاکر شاہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔