ہائبرڈ بیج مکئی کی تین گنا کم نرخوں پر کسانوں کو فراہمی زرعی پیش رفت کو تیز کرنے میں انقلابی کردار ادا کریگا‘ ڈاکٹر فرخ جاوید

صوبہ پنجاب کے ہر شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی جبکہ زرعی شعبے کی پیش رفت بھی کافی حوصلہ افزا ہے‘ صوبائی وزیر زراعت

پیر 23 فروری 2015 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹرفرخ جاوید نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے شعبہ تحقیق اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کے اشتراک سے تیارکردہ بھرپور پیداواری صلاحیت کے ہائبرڈ بیج مکئی کی تین گنا کم نرخوں پر کسانوں کو فراہمی زرعی پیش رفت کو تیز کرنے اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اجارہ داری ختم کرنے میں بہت انقلابی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں مکئی، باجرے کے زرعی تحقیقی مرکز یوسف والا اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ماہرین کی مشترکہ تحقیقی کاوش سے تیار کردہ ملکی ہائبرڈبیج مکئی YH-1898 کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کے ویژن 2025کے تحت صوبہ پنجاب کے ہر شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی جبکہ زرعی شعبے کی پیش رفت بھی کافی حوصلہ افزا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متذکرہ ویژن کے تحت اس ا مر کو یقینی بنانے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے کہ زرعی اجناس کی درآمدات کو ممکن حد تک کم کرنے اور برآمدات میں عالمی مارکیٹ کے مطلوبہ تقاضوں کے مطابق ویلیوایڈیشن ٹیکنالوجی اپناکر زیادہ سے زیادہ اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے بالاتر مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے جہاں کسانوں کو ٹیوب ویلوں کے لئے سستی بجلی پر 22ارب روپے سبسڈی ، گندم کی امدادی قیمت میں 100روپے فی من اضافہ، باسمتی چاول پر فی ایکڑ 5ہزار روپے زرتلافی ، ٹریکٹروں و ٹیوب ویلوں کے لئے 25فیصد ڈیزل کی قیمت میں کمی، سیلاب زدہ کسانوں کی بحالی کے لئے 16ارب روپے کے تاریخی پیکیج ، زرعی آلات اور لائیوسٹاک ادویات کی سستے داموں فراہمی کے علاوہ زرعی تحقیق کو تیز کرنے کے لئے فنڈز میں 2سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ناموافق موسمی حالات کے باوجود حالیہ خریف اورربیع میں ہم نے گندم کی ایک کروڑ 97لاکھ ٹن ریکارڈ پیداوار، کپاس کی 99ملین گانٹھیں ، چاول کی 3.54ملین ٹن پیداواراورگنے کی 39.7ملین پیداوار حاصل کی جبکہ زرعی تحقیق کا عمل حوصلہ افزاء حد تک تیز ہواہے جس میں آج متعارف کروایا گیا ہائبرڈٹیکنالوجی کا بیج مکئی پیداوار کے اعتبار سے درآمدی بیج کا نعم البدل ثابت ہوا تو یہ کسانوں کی پیداواری لاگت کم کرنے اور پیداوار میں گراں قدر اضافہ کرنے میں انقلابی کردار ادا کرے گا۔

سیکرٹری زراعت راشد محمود نے کہا کہ زرعی تحقیق کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جہاں فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے وہاں نئے بریڈرز رائٹس ایکٹ کے تحت بھرپور پیداواری صلاحیت کے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بیجوں کو متعارف کرانے والے زرعی سائنسدانوں کی معقول رائلٹی، نقد انعام و ایکسیلنس ایوارڈز سے حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ زیرترمیم نئے سیڈ ایکٹ پر موثر عملدرآمد یقینی بنا کر سیڈ مافیا پر سختی سے قابو پالیا جائے گا۔

منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن خاقان بابر نے کہا کہ پی ایس سی اپنے نئے ویژن کی روشنی میں ہائبرڈ، بی ٹی اور جی ایم او ٹیکنالوجی کے بیج ملک میں تیار کرنے کے لئے عالمی زرعی تحقیقی مراکز اور سرکردہ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے اشتراک عمل کے معاہدہ کرنا چاہتی ہے جس کے لئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کو حکومت سے مالی معاونت ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لئے زرعی رقبہ اور بیجوں کے پلانٹس کو جدید بنانے کے لئے نئی ٹیکنالوجی کی مشینری نصب کرنے کے لئے حکومت کی خصوصی سرپرستی درکار ہے تاکہ ان سے عصرحاضر کے جدید بیجوں کو ملک میں فروغ دے کر کسانوں کی پیداواری لاگت میں کمی اور پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹرجنرل زرعی تحقیق ڈاکٹر عابدمحمود، محمد شفیق ڈائریکٹر زرعی تحقیقی مرکز ساہیوال اور ترقی پسند کاشتکاروں نے خطاب کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے بیجوں کی ملک میں دریافت کے لئے کارآمد سفارشات پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :