زرداری ناراض صاحبزادے کو منانے میں کامیاب باپ بیٹے کی صلح میں بڑی بیٹی بختاور بھٹو زرداری لااہم کردار

بلاول سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی اور بے پناہ کرپشن سے ناراض ہو کر کئی ماہ سے لندن میں ہی مقیم ‘بار بار پاکستان بلائے جانے کے باوجود نہ آئے ‘بلاول کے سندھ میں کرپشن میں قریبی ’’عزیزہ ‘‘ کے ملوث ہونے پر شدید تحفظات

اتوار 22 فروری 2015 23:14

زرداری ناراض صاحبزادے کو منانے میں کامیاب باپ بیٹے کی صلح میں بڑی بیٹی ..

لندن/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22فروری۔2015ء) پیپلز پارٹی کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے ناراض صاحبزادے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں‘ باپ بیٹے کی صلح میں بڑی بیٹی بختاور بھٹو زرداری نے اہم کردار ادا کیا ۔ بلاول سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی اور بے پناہ کرپشن کی وجہ سے اپنے والد سے ناراض ہو کر کئی ماہ سے لندن میں ہی مقیم ہیں او راس دوران پارٹی کے یوم تاسیس اور والدہ کی برسی سمیت کئی اہم مواقع پر انہوں نے اپنے والد کے بار بار پاکستان بلائے جانے کے باوجود ان تقاریب میں شرکت نہیں کی تھی ۔

بلاول کو سندھ میں ہونے والی کرپشن اور خاص طور پر اس میں اپنی ایک قریبی ’’عزیزہ ‘‘ کے ملوث ہونے پر بھی شدید تحفظات ہیں جس کا انہوں نے کئی بار برملا اظہار بھی کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق صدر زرداری کے قریبی ساتھی ذ والفقار مرزا جو کھل کر ان کے مقابلے میں آ چکے ہیں ان سمیت کئی ناراض رہنماؤں کی لندن روانگی سے آصف زرداری خاصے پریشان تھے اور انہوں نے اپنے کئی قریبی لوگوں کو لندن بھجوایا تاکہ وہ بلاول سے انکی ملاقاتوں پر نظر رکھ سکیں۔

مخدوم امین فہیم بھی ناراض رہنماؤں میں شامل ہیں انہوں نے لندن میں ملاقات کر کے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ زرائع کے مطابق اس ساری صورتحال کو دیکھتے ہوئے سابق صدر زرداری 2 روز قبل کسی اعلانیہ پروگرام کے بغیر اچانک لندن چلے گئے تھے تاکہ وہ جا کر بیٹے سے مل کر اختلافات کو دور کر سکیں تاہم اس سے قبل بختاور بھٹو نے بھائی کو راضی کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔پیپلز پارٹی کے زرائع کا دعویٰ ہے کہ باپ بیٹے کی صلح کے بعد بلاول اگلے ماہ کے اوائل میں پاکستان آئیں گے اور وہ کئی عوامی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے تاکہ پارٹی کے اندر اختلافات کے تاثر کو زائل کیاجا سکے

متعلقہ عنوان :