متحدہ قائد کے بیان سے کسی بڑی سازش کی بو آرہی ہے۔جمیل الرب ،

سانحہ بلدیہ جیسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ،حکومت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد جلد یقینی بنائے ۔مہاجرقومی موومنٹ

ہفتہ 21 فروری 2015 23:35

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء)مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جمیل الرب نے کہاکہ 259 انسانی جانوں کے ضیاع پر کوئی ڈیل برداشت نہیں کی جائے گی صوبائی حکومت مصلحت سے کام لے رہی ہے مگر کراچی کے عوام قاتلوں کے گلے میں پھانسی کا پھندہ دیکھنا چاہتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ بلدیہ سانحہ کے فیصلے پر پوری قوم کی نگاہیں وزیراعظم اور آرمی چیف پر لگی ہیں کیونکہ مذموم عزائم کیلئے قیمتی جانوں کو لقمہ اجل بنانے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانا حکومت کیلئے چیلنج بن چکا ہے جسے قبول کرنا ہوگا۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر فیڈرل بی ایریا سے آئے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز متحدہ قائد کے بیان سے کسی بڑی سازش کی بو آرہی ہے کیونکہ ماضی میں بھی دہشت گردی کے کئی واقعات ملوث جماعت بلیک میلنگ کے زریعے بڑے بڑے دعوے کرتی رہی ہے جس کے پس پشت سندھ حکومت کی سرپرستی رہی ہے اور اس حقیقت کو بھی کوئی جھٹلا نہیں سکتا کہ شہر میں دہشت گردی کی کئی بڑی کاروائیوں میں ایک ہی جماعت کے کارندے ملوث رہے ہیں جنھیں کراچی آپریشن سے سب زیادہ تکلیف و پریشانی ہے ۔

(جاری ہے)

جمیل الرب نے کہاکہ مہاجرقومی موومنٹ وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ کرتی ہے کہ صرف سانحہ بلدیہ نہیں بلکہ کراچی کے تمام سانحات کی وفاقی سطح پر تحقیقات جلدازجلد شروع کرائی جائے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگااور سچ عوام کے سامنے آجائیگا۔ جمیل الرب نے مزید کہاکہ کراچی کے عوام ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی کاروائیوں سے تنگ عاجز آچکے ہیں، لہذہ اگر چاہتی ہے کہ سانحہ بلدیہ جیسے واقعات دوبارہ رونمانہ ہوں تو قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد جلد یقینی بنایا جائے ۔