یا رسول الله کانفرنس کا مقصد ملک میں دہشتگردی ، بد امنی کے خلاف موثر آواز بلند کرنا ہے،صاحبزادہ حافظ سعید احمد

ہفتہ 21 فروری 2015 22:19

اٹک خورد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء) جے یو پی کے مرکزی نائب صدر صاحبزادہ حافظ سعید احمد نے کہا کہ لبیک یا رسول الله کانفرنس کا مقصد عالم کفر کی ناپاک جسارتوں، دنیا بھر میں مسلمانوں کے ناحق قتل عام، نبی کریم کے بار بار خاکوں کی اشاعت، امریکی شراب خانہ میں کعبہ شریف کے ماڈل کی تعمیر، شعائر الله کے مذاق اڑانے ، ملک میں دہشتگردی ، بد امنی کے خلاف موثر آواز بلند کرنا ہے، جے یو پی نے ہر دور میں امت مسلمہ کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کی ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلمان اسلام اور پاکستان کی بقا و سلامتی کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں، اسلام ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے، یہود و نصاریٰ کبھی بھی امت مسلمہ کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھچھ محافظ کمیٹی کے کنوینئر عمران خان کے حقیقی چچا جان اور جنرل سیکرٹری حاجی احسان خان کے خالو محمد یوسف خان کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے خصوصی گفتگو میں کیا، اس موقع پر سینئر صحافی نثار علی خان،ڈاکٹر مسعود اختر، جے یو پی اٹک کے رہنما شہزاد چشتی، نصیر احمد خان، سعید احمد خان ، انسپکٹرحافظ ساجد خان، شیراز خان بھی موجود تھے، صاحبزادہ حافظ سعید احمد نے بتایا کہ اٹک لالہ زار گراوٴنڈ میں لبیک یا رسول الله کانفرنس کے حوالہ سے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، اہلیان اٹک اپنے محبوب قائد اور فرزند ارجمند شیخ الاسلام حضرت علامہ شاہ احمد نورانی  شاہ محمد اویس نورانی صدیقی کا فقیدالمثال استقبال کیلئے بے چین ہیں، انہوں نے کہا کہ انشا ء الله آج (اتوارکو) 10بجے تمام مسلمان بھائیوں کو اس بابرکت اور نورانی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :