جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا۔۔۔جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا،

شہبازشریف کے مسلم لیگ(ن) کی خواتین اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کی جھلکیاں، وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریر کے دوران موقع محل کی مناسبت سے متعدد واقعات اور اشعار سنائے

ہفتہ 21 فروری 2015 22:03

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستان مسلم لیگ(ن) خواتین اراکین پنجاب اسمبلی سے طویل خطاب میں فکر انگیز انداز میں ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے سیر حاصل گفتگوکی۔ وزیراعلی نے اپنے خطاب کے دوران دھرنوں کی سیاست، اس کے نقصانات اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

#وزیراعلی نے دھرنوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پر ملتان میں تھادھرنوں کے باعث چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہواجس پر پاکستانی قوم بہت پریشان او ر مایوس تھی۔اسی دورے کے دوران ملتان میں ایک سیلاب متاثرہ شخص نے سرائیکی میں مجھ سے سوال کیا کہ” ساڈے دوست ہندوستان جاونجے اے ،ایتھے کیوں نئیں آئے، اودھر کیوں گئے نیں “ جس پر میں نے اسے تسلی دیتے ہوئے کہاکہ” چین پاکستان دا چنگادوست اے تے اوہ چھیتی ای پاکستان وی آن گے“۔

(جاری ہے)

#امیر قطر سے ملاقات کے حوالے سے وزیراعلی نے بتایا کہ میں نے امیر قطر کو چنیوٹ ،رجوعہ سے دریافت ہونے والے خام لوہے اور تانبے کے نمونے دکھائے جس پر انہوں نے پاکستان کے سچے دوست کی طرح ان قیمتی معدنی ذخائر کی دریافت پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد دی۔ #وزیراعلی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے ، اس مو قع پر انہوں نے یہ شعر پڑھا: ۔

فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں …موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں۔ #وزیراعلی نے پنجاب میں میرٹ ، شفافیت کے کلچر کے فروغ او رکرپشن کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے درج ذیل شعرسنایا:خوشبوؤں کا اک نگر آباد ہونا چاہیے ۔۔۔اس نظام زر کو اب برباد ہونا چاہیے ۔ #وزیراعلی نے اپنی تقریر کے دوران محنت، امانت ، دیانت اور جدوجہد کے سنہری اصولوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا: جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود…کہ سنگ و خشت سے ہوتے نہیں جہاں پیدا۔

#وزیراعلی شہبازشریف نے خود انحصاری کی منزل کے حصول اور کشکول گدائی توڑنے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ اقبال کا یہ شعر سنایا : پھونک ڈالے یہ زمین و آسمان مستعار…اور خاکستر سے آپ اپنا جہاں پیدا کرے۔#وزیراعلی شہبازشریف نے چنیوٹ میں دریافت ہونے والے خام لوہے اور تانبے کے ذخائر کو قوم کے لئے ایک بڑی خوشخبری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان خزانو ں کو استعمال میں لا کر ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے یہ شعر پڑھا:جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا…جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا،وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے…مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا۔# خواتین اراکین ا سمبلی نے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو پنجاب کی تیز رفتارترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

انہو ں نے کہاکہ پنجاب کی ترقی کے لئے آپ نے جو اقدامات کئے ہیں وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہیں۔ #خواتین اراکین اسمبلی نے کہاکہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دے کر پنجاب نے سبقت لی ہے جس پر پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف کو سیلوٹ کرنے کو جی چاہتاہے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کے اقدامات کی نہ صرف پاکستان میں تعریف ہو رہی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں کی دنیا بھی معترف ہے۔